کاروار، 24 /ستمبر (ایس او نیوز) محکمہ ڈاک، کاروار ڈویژن اور کاروار سٹی میونسپل کونسل کے اشتراک سے پیدائش اور موت کے سرٹیفکیٹ ڈاک کے ذریعے شہریوں کے گھر کی دہلیز تک پہنچانے کی نئی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے۔
یہ خدمت پیر کے روز کاروار سٹی میونسپل کونسل میں شروع کی گئی۔ اس سہولت سے عوام کو پیدائش یا موت کے سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے بار بار سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
اس سہولت کے تحت متعلقہ پیدائش یا موت کے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دینے کے بعد سرٹیفکیٹ تیار ہونے پر مقررہ ڈاک فیس 100 روپے ادا کرکے بھارتی محکمہ ڈاک کے ذریعے اسے گھر کی دہلیز پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ سہولت عوام کے وقت اور محنت کی بچت کے ساتھ ساتھ سرکاری خدمات کو شہریوں کے گھر تک پہنچانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
کاروار ڈویژن کے پوسٹ سپرنٹنڈنٹ ہوواپا جی اور کاروار سٹی میونسپل کونسل کے میونسپل کمشنر جگدیش ہولگے جی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ’’آپ کی درخواست، ہماری خدمت‘‘ کے مقصد کے تحت شروع کی گئی اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔