ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’یہ سب امت شاہ کو بچانے کی سازش ہے‘: پرینکا گاندھی کا راہل گاندھی کے دفاع میں بیان

’یہ سب امت شاہ کو بچانے کی سازش ہے‘: پرینکا گاندھی کا راہل گاندھی کے دفاع میں بیان

Thu, 19 Dec 2024 18:44:04    S.O. News Service

نئی دہلی ، 19/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے حوالے سے دیے گئے متنازعہ بیان کے خلاف کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے رہنما پارلیمنٹ احاطے میں مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ آج بھی کئی پارٹیوں کے پارلیمنٹ کے اراکین ہاتھ میں ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر لے کر امت شاہ سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن اس دوران بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے کچھ ایسے اقدامات کیے جس سے دھکم پیل کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ اس واقعے میں بی جے پی کے 2 پارلیمنٹ اراکین زخمی ہو گئے جس کے بعد بی جے پی نے راہل گاندھی کو الزام دیا۔ تاہم، کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بی جے پی کو ہی کٹہرے میں کھڑا کیا اور کہا کہ ’’یہ سب امت شاہ کو بچانے کی سازش ہے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ہم روزانہ صبح 10 بجے سے 11 بجے تک احتجاجی مظاہرہ کرتے ہیں، لیکن اب تک کوئی حادثہ نہیں ہوا۔ آج جو کچھ بھی ہوا ہے، وہ ایک سازش ہے۔ جو ہمیں روک رہے تھے، ہم نے ان سے کہا تھا کہ ’جئے بھیم‘ بول کر دکھائیں۔ ہم نے کچھ نہیں کہا، بس اپنے آئین کے لیے نعرہ لگایا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر اس ملک کے لوگ سوچتے ہیں کہ یہ لوگ (بی جے پی والے) آئین کی حفاظت کر رہے ہیں، تو انھیں غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ کیونکہ امت شاہ کی زبان نے ان کا حقیقی چہرہ ظاہر کر دیا ہے۔ وہ جئے بھیم بھی نہیں کہہ سکتے۔ میں انھیں چیلنج پیش کرتی ہوں کہ یہاں آ کر جئے بھیم بول کر دکھائیں۔‘‘

وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی پرامن انداز میں پارلیمنٹ کے اندر داخل ہو رہے تھے، لیکن بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے انھیں روکا۔ راہل تو امبیڈکر کی تصویر لے کر اور جئے بھیم کا نعرہ لگاتے ہوئے پارلیمنٹ میں جا رہے تھے۔ انھیں پارلیمنٹ میں جانے سے کس نے روکا؟ ہم کئی دنوں سے مظاہرہ کر رہے ہیں اور ہمیشہ ان لوگوں کے لیے جگہ چھوڑی جاتی ہے جو اندر اور باہر جا رہے ہوتے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بی جے پی اراکین پارلیمنٹ نے کانگریس چیف ملکارجن کھڑگے کو بھی دھکا دیا۔ یہ سب ایک سازش تھی، جس کا مقصد امت شاہ کو بچانا تھا۔

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ آج پہلی مرتبہ ہے جب بی جے پی والوں نے احتجاج کرنے والوں کو روکنے کے لیے دھکا مُکی کی اور ہڑدنگ والے حالات پیدا کر دیے۔ یہ امت شاہ کو بچانے کی سازش تھی۔ جب انھوں نے کھڑگے کو دھکا دیا تو وہ میرے سامنے گر گئے۔ اس کے بعد انھوں نے ایک سی پی ایم رکن پارلیمنٹ کو بھی دھکا دیا اور وہ کھڑگے پر گر گئے۔ ہم نے دیکھا کہ انھیں چوٹ آئی ہے۔
 


Share: