کاروار ،7 اکتوبر (ایس او نیوز) دو پہیہ گاڑیاں چلاتے ہوئے ہیلمیٹ استعمال کرنے سے ہونے والی ہلاکتوں سے آگاہ کرنے اور عوام کے اندر ہیلمیٹ کے استعمال کے تعلق سے بیداری لانے کے لئے محکمہ پولیس کی طرف سے ایک بائک ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔
اس موقع پر ضلع ایس پی دیپن ایم نے کہا کہ سر کے بالوں کو بچانے کے لئے ہیلمیٹ کا استعمال نہ کرنا درست نہیں ہے کیونکہ اگر بال چلے گئے تو پھر دوبارہ اگ سکتے ہیں مگر جان چلی جاتی ہے تو پھر واپس نہیں آتی ۔ اور ایسے سڑک حادثات میں گھر کی آمدنی کا ذریعہ رہنے والے شخص کی موت ہوتی ہے تو پھر اس سے پورا خاندان بری طرح مشکلوں میں پھنس جاتا ہے ۔
پولیس پریڈ گراونڈ پر ضلع ایس پی بائک ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ ہیلمیٹ پہنے ہوئے پولیس افسران اور عملے کی یہ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے گزری اور عوام کو ہیلمیٹ پہن کر سفر کرتے ہوئے جان کی حفاظت کرنے کا پیغام دیا ۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضلع ایس پی دیپن نے بتایا کہ ضلع بھر کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے تحت ہیلمیٹ کے سلسلے میں بیداری مہم ایک ہفتے تک چلے گی ۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال ہیلمیٹ نہ ہونے کی وجہ سے حادثے میں فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔ تقریباً ہر گھر میں دو پہیہ گاڑیاں ہوتی ہیں، اس لئے 18 سال کی عمر کے بعد اپنے بچوں کو گاڑیاں دینے والے والدین کو چاہیے کہ انہیں ہیلمیٹ لازمی طور پر پہننے کی تاکید کریں ۔ محکمہ پولیس کی طرف سے "گھر گھر پولیس" پروگرام کے تحت بھی بیداری لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
پولیس کی طرف سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق سال 2024 میں ضلع کے اندر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے جملہ 37,151 معاملے درج ہوئے تھے جبکہ امسال ابھی تک 33,000 ایسے معاملے درج ہوئے ہیں ۔ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے 307 معاملے درج ہوئے اور لائسنس رد کرنے کے 150 معاملے پیش آئے ۔