ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 23 اکتوبر کو ہوگا آئی این ایف کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی و رہنمائی کیمپ

بھٹکل میں 23 اکتوبر کو ہوگا آئی این ایف کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی و رہنمائی کیمپ

Tue, 21 Oct 2025 21:09:34    S O News
بھٹکل میں 23 اکتوبر کو ہوگا آئی این ایف کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی و رہنمائی کیمپ

بھٹکل، 21 اکتوبر (ایس او نیوز): انڈین نوائط فورم (INF) کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے ایک روزہ "کیریئر اینڈ لیڈرشپ کیمپ" بعنوان "INF لانچ پیڈ 2025" بروز جمعرات، 23 اکتوبر کو امینہ پیلس بھٹکل میں صبح 10 بجے منعقد کیا جائے گا۔

یہ کیمپ طلبہ میں قائدانہ صلاحیتیں بیدار کرنے، مستقبل کے کیریئر کے لیے رہنمائی فراہم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے مقصد سے منعقد کیا جارہا ہے۔

آئی این ایف کے صدر آفتاب حسین کولا نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو صحیح پیشہ ورانہ انتخاب کے لیے معلومات، مہارت اور حوصلہ فراہم کرنا ہے۔ اس میں ماہرین کے لیکچرس، مباحثے اور انٹرایکٹیو سیشنز کے ذریعے طلبہ کو اپنے کیریئر کی سمت متعین کرنے میں مدد دی جائے گی۔

جنرل سکریٹری محمد عادل ناگرمٹ کے مطابق بھٹکل کی ممتاز درسگاہوں — اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول، انجمن بوائز ہائی اسکول، نیو شمس اسکول، علی پبلک اسکول، اور نونہال بوائز اسکول — کے دسویں جماعت کے طلبہ اس کیمپ میں شریک ہوں گے۔

بنگلور سے معروف کیریئر کونسلر اور سیگما (CIGMA) کے سی ای او امین مدثر مرکزی سیشن “Career Compass – Navigating Your Future” میں خطاب کریں گے، جس میں وہ طلبہ کو اپنی صلاحیتوں اور دلچسپیوں کے مطابق جدید پیشہ ورانہ مواقع سے روشناس کرائیں گے۔

کیرالا کے ترور (Tirur) سے تجرباتی استاد اور قیادت کے ماہر سہیل بابو عملی سرگرمیوں پر مبنی ورکشاپ لیں گے جس میں کمیونی کیشن، ٹیم ورک، لیڈرشپ اور قائدانہ لاحیتوں نیز  Soft Skills پر طلبہ کو معلومات فراہم کریں گے۔

اس کے علاوہ طلبہ کے لیے ایک سیشن مقابلہ جاتی امتحانات پر ہوگا، جس میں جے ای ای (JEE)، نیٹ (NEET)، سی ای ٹی (CET)، یو پی ایس سی (UPSC) اور سی ایل اے ٹی (CLAT) جیسے اہم امتحانات کے رجسٹریشن، ساخت اور تیاری کے طریقوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ ایک اور سیشن "اسکالرشپ گائیڈ" کے عنوان سے بھی رکھا گیا ہے جس میں مختلف قومی و ریاستی اسکالرشپ پروگراموں پر روشنی ڈالی جائے گی۔

بھٹکل کے اقلیتی بہبود افسر شمس الدین عثمان شیخ محکمہ اقلیتی بہبود، حکومت کرناٹک کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی اسکالرشپس کی تفصیلات پیش کریں گے۔

کیمپ کے اختتام پر شام 4:45 بجے ایک خصوصی اختتامی تقریب منعقد ہوگی، جس میں محمد رفیع پاشاہ (ڈپٹی کمشنر، جی ایس ٹی بنگلور) مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے۔ اور  مقابلہ جاتی امتحانات پر طلبہ کی  رہنمائی کریں گے۔

آئی این ایف کے سکریٹری غفران لنکا نے بتایا کہ “اس کیمپ کا مقصد نوجوان ذہنوں میں جوش اور مقصدیت پیدا کرتے ہوئے انہیں اپنی تعلیمی و پیشہ ورانہ سمت واضح کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔”

اس پروگرام کے کوآرڈینیٹرز سالم کولا اور تنویر موٹیا ہوں گے۔
 


Share: