جے پور ٢٠/ڈسمبر (ایس او نیوز) جے پور میں جمعہ کی صبح ہونے والے ایک خوفناک آگ حادثے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 35 افراد زخمی اور 14 لاپتہ ہیں۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب پٹرول پمپ کے قریب دو گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں جس کے فوری بعد پٹرول پمپ پر کھڑے ٹرک پر آگ بھڑک اُٹھی۔ پل بھر میں پٹرول پمپ بھی آگ کی زد میں آگیا۔ حادثہ اجمیر روڈ پر صبح تقریباً 5:30 بجے پیش آیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ زخمیوں میں کم از کم 28 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مختلف میڈیا رپورٹوں کے مطابق زخمیوں اور مرنے والوں کی شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ چہرے بری طرح جھلس چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق، حادثے میں 37 گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں، جن میں بسیں، ٹرک، کاریں اور موٹرسائیکل شامل ہیں۔
حادثے کی زد میں اُدے پور کی لیک سٹی ٹریولز کی بس بھی آگئی تھی، جس میں ٣٢ مسافر سوار تھے۔ بس آپریٹر کے مطابق، مسافروں کے فراہم کردہ نمبرز پر کال کرنے کے بعد 22 مسافروں سے رابطہ ہو گیا ہے جو محفوظ ہیں، جبکہ 10 مسافروں کے نمبر بند آرہے ہیں۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ تمام 32 مسافروں کی فہرست پولیس کو فراہم کی گئی ہے۔
حادثے کی وجہ سے سڑک پر لمبا جام لگ گیا، جسے سی کر روڈ سے ڈائیورٹ کیا گیا۔ جام میں پھنسے ڈرائیوروں کو مقامی ٹرانسپورٹر کھانے کی مدد فراہم کر رہے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق، فائر بریگیڈ ایک گھنٹے کی تاخیر سے پہنچی، تب تک آگ شدت اختیار کر چکی تھی۔
ایک آٹو ڈرائیورکے مطابق، حادثے کے مقام پر دھند کی طرح گیس چھا گئی تھی۔ وہ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگا، لیکن اس کے باوجود اس کا چہرہ جل گیا۔ڈرائیور کے مطابق کچھ دیر بعد وہاں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
اطلاعات کے مطابق، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ 300 میٹر کے دائرے میں موجود کئی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آ گئیں اور مکمل طور پر جل گئیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز 10 کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ مزید یہ کہ دھماکے کے بعد کئی فیول ٹینک بھی پھٹنے سے بار بار دھماکے ہوئے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والا ٹرک مبینہ طور پر ایک کیمیکل سے بھرا ہوا تھا۔