ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملپے ساحل پر سیاحوں کا ہجوم - حفاظتی انتظامات کی کمی - موج مستی کے شوق میں جان گنوا رہے ہیں سیاح

ملپے ساحل پر سیاحوں کا ہجوم - حفاظتی انتظامات کی کمی - موج مستی کے شوق میں جان گنوا رہے ہیں سیاح

Sun, 05 Oct 2025 18:19:21    S O News

اڈپی، 5/ اکتوبر (ایس او نیوز) دسہرہ تعطیلات کی وجہ سے ملپے ساحل پر سیاحوں کے ہجوم میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے لیکن ساحل پر لائف گارڈز کی کمی اور مناسب حفاظتی انتظامات میں کوتاہی کی وجہ سے بیرون ضلع اور ریاست کے مختلف مقامات سے آنے والے سیاحوں کی حفاظت کا معاملہ سوالوں کے گھیرے میں آ گیا ہے ۔
    
ایک طرف خواتین، نوجوان اور بچوں پر مشتمل باہر سے آنے والے سیاحوں کی ٹولیاں ہوتی ہیں جو سمندر اور لہروں کو دیکھ کر پاگل سے ہو جاتے ہیں اور لہروں کے ساتھ موج مستی کرنے کے شوق میں بعض دفعہ اتنا آگے نکل جاتے ہیں کہ اکثر و بیشتر سیاحوں کے پانی میں بہہ جانے ، ڈوب کر فوت ہونے یا لاپتہ ہونے کے معاملے پیش آ رہے ہیں ۔  دوسری طرف ایسے حادثات پیش آنے کی صورت میں سیاحوں کی جان بچانے کے لئے درکار تربیت یافتہ لائف گارڈز کی کمی کو شدت سے محسوس کی جاتی ہے ۔ 
    
اس وقت موسم بھی کچھ ایسا ہے کہ سمندر میں ہر دن ابال جیسی کیفیت رہتی ہے ۔ اچانک اونچی اونچی لہریں اٹھتی ہیں ۔ ایسے میں سیاحوں کو پانی میں اترنے سے لاکھ منع کرنے پر بھی وہ رکتے بھی نہیں ہیں اور بڑی بڑی موجوں کے ساتھ سیلفی لینے اور ریلس بنانے کے چکر میں اتنے مشغول ہو جاتے ہیں کہ انہیں خطرے کا احساس بھی نہیں ہوتا جس کی قیمت وہ کبھی کبھی اپنی جان دے کر چکاتے ہیں ۔ 
    
حفاظتی انتظامات میں ایک بہت بڑی کوتاہی یہ بھی دیکھی گئی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں سیاحوں کا ہجوم امڈنے کے باوجود ملپے ساحل پر کسی بھی ناگہانی صورت میں فوراً استعمال کرنے کے لئے ایمبولینس کی سہولت فراہم نہیں کی گئی ہے ۔ حالانکہ یہاں تقریباً کوئی نہ کوئی حادثہ ہوتا ہے اور متاثرین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے ۔ عوام کا مطالبہ ہے ملپے ساحل کے لئے ایک 108 ایمبولینس کی سہولت ہر وقت دستیاب رہنی چاہیے ۔ اسی کے ساتھ متاثرین کو ایمبولینس میں صحیح سلامت اسپتالوں تک پہنچانے کے لئے اچھی اور عمدہ  سڑک بھی تعمیر ہونی چاہیے اور ٹریفک کے مسائل بھی کرنا چاہیے ۔
    
محکمہ ٹورازم اڈپی کی انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر وندیا نے بتایا اس وقت ملپے ساحل سمندر پر پانچ افراد لائف گارڈز کے طور پر تعینات ہیں اور چار افراد ٹورسٹ فرینڈس کے طور پر سیاحوں کے تحفظ کا کام کرتے ہیں ۔ سیاحوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے ہوم گارڈز کو تعینات کرنے مراسلہ بھیجا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس سے بھی اس مسئلے پر بات چیت کی ہے ۔ ہمارے پاس جو لائف گارڈز ہیں وہ عام دنوں میں سیاحوں کی جو تعداد ہوتی ہے اس کے لئے کافی ہے مگر ویک اینڈ اور چھٹی کے دنوں میں آنے والے ہجوم کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہوتا ۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال اڈپی ضلع میں سیاحوں کی تعداد بہت زیاد ہے ۔ سیاحوں کی حفاظت کے لئے ترجیحی طور پر ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔ 


Share: