ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / امت شاہ کے بیان پر بی ایس پی کا شدید احتجاج، سکیورٹی انتظامات میں اضافہ

امت شاہ کے بیان پر بی ایس پی کا شدید احتجاج، سکیورٹی انتظامات میں اضافہ

Tue, 24 Dec 2024 12:40:35    S.O. News Service

لکھنؤ، 24/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بارے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے حالیہ بیان پر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے منگل کے روز اتر پردیش بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ احتجاج پارٹی کی سربراہ مایاوتی کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے اور اس دوران بی ایس پی کارکن مقامی دفاتر، سڑکوں اور عوامی مقامات پر مظاہرے کریں گے۔ بی ایس پی نے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے احتجاج کو بھرپور بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مایاوتی نے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع ہیڈکوارٹرز پر پرامن مظاہروں کو کامیاب بنائیں۔ احتجاج کے دوران حکومت کے خلاف نعرے بازی اور امت شاہ کے بیان کی مذمت کی جائے گی۔

احتجاج کے پیش نظر ریاست کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور حساس مقامات پر اضافی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ پولیس نے مظاہرین کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے امکانات کے پیش نظر لوگوں کو متبادل راستوں کے بارے میں پیشگی معلومات حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مایاوتی نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا امت شاہ کے ذریعہ پارلیمنٹ میں کیے گئے بیان پر پورے ملک میں غصہ ہے۔ انہوں نے کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امبیڈکر کے نام پر ووٹ حاصل کرنے میں بی جے پی اور کانگریس جیسی پارٹیاں ایک جیسی ہیں۔

مایاوتی نے مزید کہا کہ امبیڈکر کے عزت و احترام کو نقصان پہنچانے کے لیے مختلف سیاسی جماعتیں بی ایس پی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں بی ایس پی کا ساتھ دیں اور مظاہروں کو کامیاب بنائیں۔


Share: