اُڈپی، 24 نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع اُڈپی میں کاپو ساحل پر اتوار کو سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے دونوں نوجوانوں کی لاشیں پیر کو برآمد کرلی گئیں ہیں۔ مہلوکین کی شناخت داؤنگیرے کے احمدی نگر کے رہنے والے ملک ریحان (15) اور شیموگہ ضلع کے ہوسا نگر تعلقہ کے ماوین کوپّا کے رہنے والے سمیر (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق داؤنگیرے سے تعلق رکھنے والا تقریباً 12 افراد پر مشتمل ایک خاندان تفریح کی غرض سے کاپو ساحل پہنچا تھا۔ اس دوران خاندان کے پانچ افراد سمندر میں تیراکی کررہے تھے کہ وہ گہرے پانی میں پھنس گئے۔ موقع پر موجود لائف گارڈز نے محمد جعفر صادق، محمد یوسف اور محمد اسحاق کو بحفاظت باہر نکال لیا، تاہم سمیر اور ملک ریحان سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہوگئے۔
دونوں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے مقامی پولیس، ساحلی ریسکیو ٹیم اور ایشور ملپے کی ٹیم نے مشترکہ طور پر تلاشی مہم جاری رکھی۔ اس سلسلے میں کاپو پولیس اسٹیشن میں معاملہ بھی درج کیا گیا تھا۔
پیر 23 نومبر کو صبح تقریباً 11:30 بجے سمیر کی لاش اسی مقام سے برآمد ہوئی جہاں وہ ڈوبا تھا، جبکہ دوپہر تقریباً 2:15 بجے ملک ریحان کی لاش بھی اسی مقام سے مل گئی۔