ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 97 فیصد وزرائے اعلیٰ کروڑپتی، جگن موہن سب سے امیر اور ممتا بنرجی سب سے غریب، اے ڈی آر کی رپورٹ میں انکشاف

97 فیصد وزرائے اعلیٰ کروڑپتی، جگن موہن سب سے امیر اور ممتا بنرجی سب سے غریب، اے ڈی آر کی رپورٹ میں انکشاف

Thu, 13 Apr 2023 11:09:26    S.O. News Service

نئی دہلی، 13/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) ایسو سی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارم (اے ڈی آر) کے انتخابی حلف نامہ کے تجزیہ سے واضح ہوا کہ ملک میں 29 موجودہ وزرائے اعلیٰ کروڑپتی ہیں۔ ان میں سے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی کی ملکیت سب سے زیادہ 510 کروڑ روپے ہے، جبکہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی ملکیت سب سے کم 15 لاکھ روپے ہے۔

اے ڈی آر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین اور ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کی ملکیت بھی ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی ہے۔ اے ڈی آر اور الیکشن واچ کے مطابق وہ موجودہ 30 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے وزرائے اعلیٰ کے انتخابی حلف نامہ کا تجزیہ کرنے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچے ہیں۔ ان میں 28 ریاستوں، دو مرکز کے زیر انتظام خطوں (دہلی اور پڈوچیری) کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں۔ اس میں جن 30 وزرائے اعلیٰ کے انتخابی حلف ناموں کا تجزیہ کیا گیا، ان میں 29 (97 فیصد) کروڑپتی ہیں اور ان کی اوسط ملکیت 33.96 کروڑ روپے ہے۔

کچھ وزرائے اعلیٰ کی ملکیت پر سرسری نظر ڈالی جائے تو آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی ملکیت 510 کروڑ روپے، اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو کی ملکیت 163 کروڑ روپے اور اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک کی ملکیت 63 کروڑ روپے ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ملکیت 3 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔


Share: