ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 36دن بعدخالصتانی حامی امرت پال گرفتار

36دن بعدخالصتانی حامی امرت پال گرفتار

Mon, 24 Apr 2023 12:08:11    S.O. News Service

چنڈی گڑھ، 24/اپریل(ایس او نیوز/ایجنسی)پنجاب پولیس نے بالآخر36دن بعد وارث پنجاب دے کے ڈی سربراہ امرت پال سنگھ کو گرفتار کر لیا ہے- خالصتان کے حامی کو پولیس نے موگا کے گردوارہ سے تحویل میں لینے کے بعد گرفتار کیا - وہ اجنالہ واقعہ کے بعد سے مفرور تھا- یہ بھی خبرآرہی ہے کہ امرت پال سنگھ کو اتوار کے روز پنجاب میں گرفتاری کے بعد سخت سکیورٹی کے درمیان آسام کی ڈبرو گڑھ سینٹرل جیل منتقل کردیاگیا- اسے پنجاب کے بھٹنڈہ ہوائی اڈے سے سخت سکیورٹی کے درمیان ڈبرو گڑھ کے موہن باڑی ہوائی اڈے پر لے جایا گیا- پنجاب پولیس اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے اہلکاروں کی ایک ٹیم وارث پنجاب دے سربراہ کے ساتھ ڈبرو گڑھ پہنچی- آسام پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی ٹیم موہن باڑی ہوائی اڈے پر پہلے ہی سے موجود تھی-اس دوران پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے تمام لوگوں سے امن و امان برقرارکھنے کی اپیل کی ہے -واضح رہے کہ امرت پال کی بیوی کرندیپ کور کو3 دن قبل جمعرات یعنی21/ اپریل کو امرتسر ہوائی اڈے پر روکا گیا تھا-امرتسر سے تمام ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے- اس کے ساتھیوں سے مسلسل پوچھ گچھ کی جا رہی تھی- مانا جا رہا ہے کہ پولیس نے اس کی بیوی پر دباؤ ڈالنے کے بعد ہی اس کو بھی حراست میں لے لیا- جب وہ فرار تھا تو اس نے سوشیل میڈیا کے ذریعے کئی بار ویڈیوز جاری کی تھیں -امرت پال کی گرفتاری کے بعد پنجاب پولیس نے ایک ٹویٹ میں یہ جانکاری دی- پولیس نے بتایا کہ امرت پال کو موگا سے گرفتار کیا گیا- اس کے ساتھ ہی پولیس نے لوگوں سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے- لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی قسم کی فرضی خبریں شیئر نہ کریں -سب سے پہلے 18مارچ کو پولیس نے امرت پال سنگھ اور اس کے ساتھیوں کو پکڑنے کیلئے جال بچھا دیا تھا- اس دوران پولیس نے اس کے کئی ساتھیوں کو گرفتار کرلیا لیکن امرت پال فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا- اس کے بعد سے پولیس اسے مسلسل تلاش کر رہی تھی لیکن وہ بھیس بدل کر پولیس سے مسلسل فرار ہو رہا تھا- اس کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے)کی درخواست کی گئی ہے اور ایک غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے-


Share: