یلاپور 31/ اکتوبر (ایس او نیوز) چلتی کارکے سامنے دوسری کار کے ذریعے راستہ روک کرکار کے اندر موجود دو لوگوں پر حملہ کرنے، ان کا مال لوٹنے پھر دونوں کا اغوا کرکے پانچ کروڑ روپیوں کا مطالبہ کرنے کی واردات ضلع اُترکنڑا کے یلاپور پولس تھانہ میں درج کی گئی ہے۔
شکایت کے مطابق سات آٹھ لوگوں کی ایک ٹولی نے کار کا راستہ روک کر کار میں موجود 2 افراد پر حملہ کیا اور نقدی، سونے کے زیورات موبائل فون اور کار کی شکل میں 26 لاکھ روپے مالیت کی لوٹ مچائی اور پھر ان دونوں کا اغوا کرلیا - اس کے بعد 5 کروڑ روپوں کا مطالبہ سامنے رکھا، جسے پورا نہ کرنے کی صورت میں قتل کرنے کی دھمکی دی.
اس لوٹ اور اغوا کا شکار ہونے اور شکایت درج کروانے والوں کی شناخت دھارواڑ کے رہنے والے ہنومنت گوڈا(30) اور اس کے دوست ملیشیا کوالالمپور کے رہنے والے کارتک یسوناتھ (39) کے طور پر کی گئی ہے ۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں دوست اپنے ہی دو شناساوں دھارواڑ ہی کے رہنے والے راہل بیم راو سیندے اور سنتوش ہیرے مٹھ کے ساتھ کار پر سوارجب کیسل راک کی طرف اندرونی راستے سے جا رہے تھے تو ریلوے ٹریک کراس کرنے کے بعد اچانک ایک کار ان کے سامنے آگئی اور ان کا راستہ روک لیا۔ شکایت کنندہ ہنومنت گوڈا اور کارتک کے مطابق چھ سات لوگوں پر مشتمل وہ ٹولی ان کے شناسا راہل اور سنتوش کے ساتھی تھے، جنہوں نے ان کی کار کا راستہ روک کر ان پر حملہ کیا۔
درج کی گئی شکایت کے مطابق ٹولی نے ہنومنت گوڈا کے پاس موجود 110 گرام کی سونے کی چین ، 100 گرام سونے کا کڑا، 1 لاکھ 45 ہزار روپے نقد، 5 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کا گولڈ آئی فون، سم سنگ موبائل فون، پاسپورٹ، اے ٹی ایم کارڈ کے علاوہ کارتک یسو کے پاس موجود 6700 امریکی ڈالر، 3200 ملیشین رنگٹ، 30 ہزار روپے نقد، 30 ہزار روپے مالیت کی پرانی رولیکس دستی گھڑی، 70 ہزار روپے مالیت کا ہووائی موبائل فون، 60 ہزار روپے کا سم سنگ موبائل فون، ڈرائیونگ لائسنس، ملیشین آئی ڈی کارڈ سمیت جملہ 26 لاکھ 3 ہزار روپے مالیت کی لوٹ مچائی۔
شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے انہیں لوٹنے کے بعد ان کے ہاتھ پیر باندھے اور کار میں ڈال کر انہیں گھنے جنگل میں واقع ایک گھر میں قید رکھا گیا ۔ اس کے بعد اغواکاروں نے 5 کروڑ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جسے پورا نہ کرنے پر انہیں قتل کرنے کی دھمکی دی۔ ان دونوں نے پولس کو بتایا کہ کافی کوششوں کے بعد ان دونوں کو وہاں سے فرار ہونے میں کامیابی ملی اوروہ سیدھے پولس تھانہ پہنچے ہیں۔
یلاپور پولس تھانہ میں اس تعلق سے سنیچر کو شکایت درج کی گئی ہے اور پولس واقعے کی چھان بین کررہی ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق یلاپور ڈی وائی ایس پی روی نائک ، پی ایس آئی امین صاب عطار، منجوناتھ گوڈر اور دیگرعملہ نے واردات کے مقام پر پہنچ کر معائنہ کیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔