ہوناور ،12؍نومبر (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے ارے انگڈی میں توٹی گنڈی نامی مقام پر جائداد کے مسئلہ پر بھائیوں کے درمیان ہوئے جھگڑے کے بعد قتل کی جو واردات پیش آئی تھی اس معاملہ کے ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ 5 نومبر کو حملہ میں زخمی ہونے والا ہنومنت نائک ہلاک ہوگیا تھا اور ماروتی نائک ابھی بھی اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ اس وردات کے سلسلے میں چار افراد کو نامزد ملزم بنایا گیا تھا ۔ اس میں سے معاملہ کے چوتھے ملزم منجوناتھ مقری کو ہوناور پولیس نے گرفتار کر لیا تھا ۔ جبکہ کلیدی ملزمین کی تلاش میں پولیس سرگرم ہوگئی تھی ۔
آرے انگڈی اور چکنکوڈ کے مضافات میں ملزمین کی گرفتاری کے لئے تلاشی مہم چلائی جا رہی تھی ۔ اس دوران ونائیک ہونپّا نائک ، چدمبر نائک اور منجو ناتھ گیڈّا نائک نامی تین ملزمین نے ہوناور عدالت میں جج کے سامنے اپنے آپ کو سرینڈر کیا جس کے بعد عدالت کی ہدایت پر پولیس نے ان ملزمین کو اپنی تحویل میں لیا ۔ ملزمین سے مزید تفتیش جاری ہے ۔