بھونیشور، 21؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ میں 24سالہ شخص کی موت ہونے کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 22ہو گئی ہے۔وہیں ہسپتال چلانے والے ٹرسٹ کے بانی صدر کو آج دو دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔نجی اسپتال میں پیر کی رات کو آگ لگنے کے بعد ایک مریض کو ایس سی بی میڈیکل کالج اور ہسپتال کٹک میں بھیجا گیا تھا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ایس سی بی ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ پی سی رتھ نے کہا کہ متوفی کی شناخت ایس کے قربان کے طور پر ہوئی ہے جو آگ لگنے کے بعد کافی صدمے میں تھے۔ایس یوایم ہسپتال چلانے والے تعلیم و تحقیق خیراتی ٹرسٹ کے بانی صدر منوج رنجن نایک نے کل علی الصبح کھانڈگری تھانے میں سرینڈر کر دیا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ناک کو کل شام سب ڈویژنل جوڈیشیل مجسٹریٹ کمل کانت نایک کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے انہیں دو دنوں کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ پولیس ٹیم آج صبح نایک کو پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر لے گئی ہے۔