ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہریانہ میں نمازیوں پر مسلح افراد کا حملہ کئی نمازی زخمی،مسجد میں توڑپھوڑ،حالات کشیدہ،16نوجوان حراست میں

ہریانہ میں نمازیوں پر مسلح افراد کا حملہ کئی نمازی زخمی،مسجد میں توڑپھوڑ،حالات کشیدہ،16نوجوان حراست میں

Tue, 11 Apr 2023 11:24:16    S.O. News Service

سونی پت،11/اپریل(ایس او نیوز/ایجنسی)ہریانہ کے سونی پت میں اتوار کی رات دیر گئے مسلح افراد نے ساندل کلاں گاؤں میں واقع ایک مسجد میں گھس کر وہاں نماز تراویح پڑھنے والوں کو لاٹھی ڈنڈوں سے بری طرح مارا پیٹااور مسجد میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

رپورٹ کے مطابق حملے میں کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔حملہ آوروں کی تعداد 15 سے 20 تھی ان میں زیادہ تر نوجوان تھے۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں کا ماحول کشیدہ ہو گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی اور معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی۔ گاؤں میں کشیدگی کا ماحول ہے۔

معلومات کے مطابق حملہ آوروں نے مسجد پر اچانک حملہ کر دیا۔للن ٹاپ نے آج تک سے جڑے پون راٹھی کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ یہ معاملہ سونی پت کے سندل کلاں گاؤں کا ہے۔ یہاں مسلم کمیونٹی نے گاؤں میں نماز پڑھنے کیلئے ایک چھوٹی مسجد بنائی ہے۔ الزام ہے کہ رات گئے نماز ادا کرنے والے نمازیوں پر 15 سے 20 مسلح افراد نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے مسجد میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ حملہ کرنے والے کچھ نوجوانوں کی تصویریں بھی منظر عام پر آئی ہیں۔ ان میں نوجوان ہاتھوں میں لاٹھیاں اور سلاخیں لیے گاؤں کی گلیوں میں گھومتے نظر آرہے ہیں۔ مبینہ طور پر یہ تمام نوجوان گاؤں کے ہی بتائے جا رہے ہیں۔ تاہم ابھی تک حملے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔مسجد کے امام محمد کوثر نے صندل کلاں مسجد میں آج تک کو بتایا کہ ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا۔ رمضان چل رہا ہے۔ ایسے میں ہم نماز پڑھ رہے تھے۔ اسی دوران گاؤں کے کچھ نوجوان مسجد میں داخل ہوئے اور ہم پر حملہ کردیا۔ اس حملے کے دوران خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخشا۔ حملے میں کئی لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی سونی پت کے بڑی انڈسٹریل ایریا تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ زخمیوں کو سونی پت کے سیول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق 18 نامزد افراد سمیت 19 / افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اب تک 16 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ان تمام لوگوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

وہیں سونی پت کے پولیس کمشنر بی ستیش بالن پیر کو سندل کلاں گاؤں پہنچے۔انہوں نے کہا کہ شرارتی عناصر کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ گاؤں میں پولیس کی تعیناتی ہوگی۔ واقعہ کی بہت سنجیدگی سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔


Share: