ہاسن ۔ 16نومبر (ایس او نیوز) بنگلورو۔ منگلورو روڈ کے ہاسن شہر کے قلب میں واقع ایک کپڑے کی دکان کے اوٹ لیٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ دکان کے کھلنے کے چند منٹ بعد ہی تقریباً 10:30بجے دن پیش آیا۔ دکان کے اسٹاف نے چنگاریاں دیکھ کر فائر اسٹیشن کو اطلاع دی۔ اس واقعہ میں کسی کے بھی جھلسنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ہاسن سٹی پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ اس واقعہ کی وجہ دکان میں الکٹرک وائرنگ میں شاٹ سرکٹ ہے ۔ آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈس کو دو گھنٹوں سے زیادہ وقت لگا۔ یہ دکان مصروف علاقہ میں ہے ' سینکڑوں افراد وہاں جمع ہوگئے جس سے بی ایم روڈ پر ٹریفک متاثر ہوگئی۔ گاڑیوں کی نقل و حرکت سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس کو تعینات کردیا گیا۔