احمد آباد 18 اکتوبر (ایس او نیوز) گجرات کے وڈودرا قومی شاہراہ پر ایک بس اور ٹریلر کے درمیان ہوئی ٹکر میں 6/ افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ حادثہ منگل کی صبح قریب چار بجے کپورائی پل پر پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لگژری بس نے ہائی وے پر ایک ٹریلرٹرک کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی مگر اس کوشش میں اسی ٹریلر کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ چار لوگوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، دو لوگ اسپتال پہنچنے کے بعد آخری سانس لی۔ زخمیوں اور نعشوں کو وڈودرا کے سایاجی ہاسپٹل منتقل کیا گیاہے۔ مرنے والوں میں چار مرد، ایک بچہ اور ایک خاتون شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے کا شکار بس سورت سے راجستھان جارہی تھی۔