ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گئو رکھشا کے نام پر چل رہی تمام غیر قانونی سرگرمیوں پر روک لگانے بھٹکل تنظیم کا مطالبہ

گئو رکھشا کے نام پر چل رہی تمام غیر قانونی سرگرمیوں پر روک لگانے بھٹکل تنظیم کا مطالبہ

Sat, 08 Apr 2023 21:58:25    S.O. News Service

بھٹکل 8 / اپریل (ایس او نیوز) پچھلے دنوں منڈیا کے ساتنور میں ہوئے ادریس پاشاہ قتل معاملے کی کڑی مذمت کرتے ہوئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری اور جنرل سیکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گئو رکھشا کے نام پر ریاست بھر میں نام نہاد گئو رکھشکوں کی طرف سے چل رہی تمام غیر قانونی سرگرمیوں پر روک لگائی جائے۔

پریس ریلیزجاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گئو رکھشا کے نام پرادریس پاشاہ کو بڑے بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا۔ یہ انتہائی غیر انسانی اور قابل مذمت کارروائی ہے ۔ ایسے وحشی قاتلوں کا کوئی دھرم نہیں ہوتا مگر پونیت کیریہلّی جیسے نام نہاد گئو رکھشکوں کی طرف سے انجام دی جانے والی ایسی ظالمانہ اور وحشیانہ سرگرمیاں خود ہندو دھرم کے لئے بدنامی اور کلنک کا سبب بنتی ہیں ۔ پولیس نے پونیت اور اس کے ساتھی ملزموں کو گرفتار تو کرلیا ہے  مگر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کسی بھی قسم کے دباو میں آئے بغیر اس کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔     

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تجارت کی غرض سے قانونی دستاویزات کے ساتھ  ایک شہر سے دوسرے شہر تک مویشی رفت کرنا عام بات ہے۔ اور مویشیوں کے نقل و حمل کی ایسی گاڑیوں کے ڈرائیور اکثر و بیشتر مسلمان ہوتے ہیں ۔ ایسی صورت میں نام نہاد گئو رکھشک ڈرائیور یا کلینر کو مارنے پیٹنے کے علاوہ اب قتل کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ ایسی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ اس لئے حکومت کو اس پہلو پر سنجیدگی سے توجہ دینا چاہیے اور اس طرح کے واقعات پر روک لگانے کے لئے مناسب قانونی اقدام کرنا چاہیے۔ 


Share: