کمٹہ ، 28 ؍ دسمبر (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 پر رکی ہوئی ایک لاری کو پیچھے ایک اور لاری نے ٹکر ماری جس کے نتیجہ میں ایک لاری کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ دونڈکولی کے پاس نیشنل ہائی وے پر ریت سے بھری ہوئی ایک لاری کا ٹائر پنکچر ہوگیا تو اس کا ڈرائیور نیچے اتر کر ٹائر بدلنے کی کوشش کر رہا تھا اسی دوران انکولہ کی جانب سے آنے والی ایک تیز رفتار لاری نے ٹائر بدلنے کے لئے رکی ہوئی لاری کو پیچھے سے زوردار ٹکر ماری ۔ اس کے نتیجہ میں ٹائر بدلنے میں مصروف ڈرائیور یو پی کا رہنے والا شکیل احمد (45 سال) کے پیٹ کے حصے کے چیتھڑے اڑ گئے. جس کے نتیجے میں موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔
سڑک کنارے رکی ہوئی لاری کو ٹکر مارنے والی لاری ڈرائیور کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ بھی اتر پردیش کا رہنے والا ہے اور اس کا نام پَوَن سنگھ (40 سال) ہے اور اس حادثہ میں وہ بھی زخمی ہوا ہے ۔
اس سلسلے میں کمٹہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔