کمٹہ 8 / اپریل (ایس او نیوز) سینئرسیاست دان اور کانگریسی لیڈر مارگریٹ آلوا کے فرزند نیویدیت آلوا کو کمٹہ - ہوناوراسمبلی حلقہ سے آئندہ اسمبلی انتخاب میں امیدواربنانے کی صورت میں کمٹہ اور ہوناور کے مسلمانوں نے مخالفت کرنے کا منصوبہ بنائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اگر کانگریس نیویدیت آلوا کو ٹکٹ دیتی ہے تو پھر مسلمان جے ڈی ایس کے اُمیدوار سورج نائک کی حمایت کریں گے۔
پتہ چلا ہے کہ نیویدیت آلوا کو کانگریس کی طرف سے اُمیدوار بنانے کے لئے ہائی کمان کی سطح پر بڑی کوششیں ہو رہی ہیں، مگرپتہ چلا ہے کہ کمٹہ کے ساتھ ساتھ ہوناورکے مسلمانوں نے اس کی سخت مخالفت کی ہے۔
کمٹہ جماعت کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ نیویدیت آلوا کا عوام کےساتھ کوئی ربط نہیں ہے، وہ سوشیل میڈیا میں فلمی ہیرو کی طرح اپنے فوٹوزپوسٹ کرتے رہتے ہیں، اس کو چھوڑ کر علاقہ کے مسائل کی طرف یا عوام کے مسائل کی طرف ان کی کوئی توجہ نہیں ہے۔
اُدھر دوسری طرف ہوناور کے ایک مسلم لیڈر نے کرناٹکا معاملات کے انچارج اوراے آئی سی سی کے جنرل سیکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا کو ایک مراسلہ بھیجے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کمٹہ - ہوناور حلقہ سے نیویدیت آلوا کو ٹکٹ نہ دیا جائے ۔ اس کے بجائے انہوں نے امیدواری کے لئے اس حلقہ کی ایک اور معروف و مقبول شخصیت کا اپنے طور پر نام تجویز کیا ہے۔ اس کا سبب انہوں نے یہ بتایا ہے کہ نیویدیت آلوا اس علاقے کے لئے بالکل نیا چہرا ہے ۔ انہیں یہاں کے حالات اور مسائل سے کوئی بھی واقفیت نہیں ہے۔ اس علاقے کے عوام سے ان کا سماجی یا سیاسی رابطہ بھی نہیں ہے۔ اس لئے اگر ایسے ناتجربہ کار شخص کو یہاں پر امیدوار بنایا جائے گا تو پھر بی جے پی کی جیت میں کوئی شبہ نہیں ہے۔ ایسی صورت میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے ہوناورکے مسلمانوں کی طرف سے جنتا دل کے امیدوار کی حمایت کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔
رندیپ سُرجے والا کو روانہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ہوناو۔کمٹہ اسمبلی حلقہ کے لئے ہوناور میں عوام کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے والے کسی اور شخص کو اگر کانگریس کی طرف سے ٹکٹ دیا جاتا ہے تو پھر کانگریسی امیدوار کی جیت کے لئے ہوناورکے مسلمانوں کی طرف سے بھرپورتعاون کیا جائے گا ۔