بنگلورو،6؍مئی(ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک کے دو بڑے نیوز چینلوں ٹی وی5/اور نیوز 18کی طرف سے کئے گئے ایک انتخابی سروے میں واضح طور پر کانگریس کو اکثریت ملتی دکھائی گئی ہے۔
ان چینلوں کی طرف سے جاری اس سروے میں سے ٹی وی 5نے بتایا ہے کہ حکمران بی جے پی لاکھ کوششوں کے بعد بھی اقتدار پر لوٹتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔اسے محض 31تا34فیصد ووٹ مل سکتے ہیں اور اگر ان کو سیٹوں میں تبدیل کیا جائے تو وہ62تا68ہو سکتی ہیں جبکہ کانگریس کو 42تا44فیصد ووٹ ملیں گے اور اس طرح کانگریس 125تا130سیٹوں پر جیت درج کر کے واضح اکثریت کے ساتھ کرناٹک میں حکومت سازی کر سکتی ہے۔ جنتا دل(ایس) کو 14تا18فیصد ووٹ ملیں گے اور اسے محض 24تا29سیٹوں پر محدو د کر دیاجا ئے گا۔ دیگر پارٹیوں کو 5تا8فیصد ووٹ ملیں گے اور وہ2سیٹوں تک محدودرہ سکتی ہیں۔
دوسری طرف نیوز 18کی طرف سے کئے گئے ایک PICسروے کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حکمران بی جے پی کو 65تا77سیٹیں مل سکتی ہیں جبکہ کانگریس کو 120 سے 132 سیٹوں پر کامیابی مل سکتی ہے۔جنتا دل(ایس)24تا 30سیٹوں تک پہنچے گی اور دیگر کو 0تا2سیٹیں مل سکتی ہیں۔ ان دونوں سرویز میں کانگریس کو ریاست کے اقتدار پر قابض ہوتے دکھا یا جا رہا ہے۔