بھٹکل13/ اپریل(ایس او نیوز) الیکشن کمشنر کی دی گئی اطلاع کے مطابق اگلے ماہ یعنی 10 مئی کو منعقد ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے لئے آج بروز جمعرات سے نامزدگیوں کے کاغذات داخل کرنے کی کارروائی شروع ہوگئی ہے۔
آج بروز جمعرات مورخہ 13 اپریل کو اسمبلی کے لئے انتخابات کے لئے نوٹیفیکیشن کے جاری کرنے کے بعد امید واراپنی نامزدگی کے کاغذات داخل کر سکتے ہیں۔ مورخہ 20 اپریل نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ مورخہ 21 اپریل کو نا مزدگی کے کاغذات کی جانچ کی جائے گی اور مورخہ 24 اپریل نامزدگی کے کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ ہے۔ اس طرح مورخہ 10 مئی کو پولنگ منعقد کی جائیگی اور مورخہ 13 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہو گی۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق چناؤ کے ضابطوں کو سختی کے ساتھ نافذ کیا گیا ہے اورجگہ جگہ گاڑیوں کی جانچ کی جارہی ہے، جس کے تحت لاکھوں روپیہ نقد سمیت زیورات اور تحفے تحائف کے اشیاء ضبط کئے گئے ہیں۔کیثر مقدار میں شراب بھی ضبط کی گئی ہے اور یہ کاروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ نامزدگی کے کاغذات کے ساتھ 10,000-روپے بطور ڈپازٹ (00-5000 روپئے ایس سی ایس ٹی امیدواروں کے لئے) جمع کرنا لازمی ہے نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر امید وار سمیت صرف 5 افراد کو ریٹرنگ آفیسر کے دفتر میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی، جبکہ انتخابات کے لئے ہر امیدوار کو 40لاکھ روپے تک خرچ کرنے کی اجازت ہے۔