نئی دہلی،3؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) گجرات کے عوام کے لئے کانگریس نے یہ کہہ کر ہلچل مچادی ہےکہ اگر وہ اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل کرتے ہیں تو ایل پی جی سلنڈر 500 روپے میں دے گی اور کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے ساتھ بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔
کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے ریاستی اسمبلی کے انتخابی شیڈول کا اعلان کرنے کے بعد کہا کہ گجرات کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور ووٹر کانگریس کو واحد آپشن سمجھتے ہیں۔
ملیکارجن کھرگے نے کہا کہ گجرات کے لوگوں کا کانگریس پر اعتماد بڑھ گیا ہے اور سات کروڑ گجراتی بہنیں اور بھائی تبدیلی کا آپشن صرف کانگریس کو سمجھتے ہیں۔ گجرات پردیش کانگریس بھی ریاست کے لوگوں کے جذبات کے مطابق کام کر رہی ہے اور اس کے لیے اس نے آٹھ وعدوں کا اعلان کیا ہے۔
ملیکارجن کھرگے نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ گجرات کانگریس نے حکومت سازی پر عوام کو راحت فراہم کرنے کے لئے جن آٹھ وعدوں کا اعلان کیا ہے ان میں "500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر، 300 یونٹ تک بجلی مفت، 10 لاکھ روپے تک کا علاج اور ادویات مفت شامل ہیں۔ کسانوں کے لیے تین لاکھ روپے تک کے قرضوں کی معافی، سرکاری ملازمتوں میں کنٹریکٹ سسٹم بند اور 300 روپے کا بے روزگاری الاؤنس، تین ہزار سرکاری انگلش میڈیم اسکول کھولنے، کوآپریٹو سوسائٹی میں دودھ پر پانچ روپے فی لیٹر سبسیڈی اور کورونا کی وجہ سے جان گنوانے والے تین لاکھ افراد کے لواحقین کو چار لاکھ روپے کا معاوضہ بھی شامل ہے۔