ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر بحث غیر ضروری ، وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کا حتمی فیصلہ پارٹی اعلیٰ کمان کرے گا: رام لنگا ریڈی

کانگریس میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر بحث غیر ضروری ، وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کا حتمی فیصلہ پارٹی اعلیٰ کمان کرے گا: رام لنگا ریڈی

Wed, 12 Apr 2023 12:50:06    S.O. News Service

بنگلورو،12/اپریل(ایس او  نیوز)کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے کار گزار صدراور سابق ریاستی وزیر رام لنگا ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات ختم ہونے تک کانگریس میں کو ن وزیر اعلیٰ ہوگا اس کے متعلق باتیں کرنا ٹھیک نہیں ہے۔وزیر اعلیٰ کون ہو گا اس کا قطعی فیصلہ پارٹی اعلیٰ کمان کرے گا۔ پریس کلب آف بنگلور کے زیر اہتمام ”پریس سے ملئے“ پروگرام میں شرکت کر تے ہو ئے انہوں نے ان خیا لات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور پارٹی کے مفاد کی خاطر کانگریس برسر اقتدار آئی تو وزیر اعلیٰ کون بنے گا اس کا حتمی فیصلہ پارٹی اعلیٰ کمان کرے گا۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے کے متعلق سدرامیا اور ڈی کے شیو کمار کوئی بھی بیان نہ دیں تو عوام میں کانگریس پر اعتماد بڑھے گا اور اس سے پارٹی کو کافی فائدہ پہنچے گا۔

رام لنگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں 6ماہ قبل ہی امیدوراوں کا اعلان کرنے کی مانگ ہونے لگی تھی، اس سے امیدوراوں کو اپنے حلقوں میں کام کرنے کا موقع فراہم ہوتا۔ انہوں نے بتا یا کہ ابھی تک بی جے پی نے اپنے امیدوراوں کی فہرست جاری نہیں کی ہے،جبکہ کانگریس نے اپنے امیدوراوں کی دوسری فہرست جار ی کردی ہے۔ دوسری فہرست جاری ہو نے کے بعد تھوڑی الجھن پیدا ضرور ہوئی ہے۔

کے پی سی سی کار گزار صدر نے بی جے پی پر الزام لگا تے ہو ئے کہا، ”بی جے پی اسمبلی انتخا بات میں ہندوتوا کے بل انتخابات لڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن انہیں پتا ہو نا چائیے کہ اصل ہندو ہم ہی ہیں،صرف گاؤکشی پر پابندی عائد کر دینا ہی ہندوتوا نہیں ہے۔“ انہوں نے مرکزی حکومت سے مانگ کی کہ وہ جانوروں کے شکار پر پابندی عائد کرے۔

انہوں نے بتا یا کہ بی جے پی میں ایڈی یورپا کو نظر انداز کرنا غلط پیغام روانہ کرنے کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈی یورپا صرف کسی ایک ذات کے لیڈر نہیں ہیں۔ ایڈی یورپا کو بی جے پی میں نظر انداز کرنے سے کانگریس کو کافی فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے بتا یا کہ اس مرتبہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے لئے برسراقتدار آنے کا بہتر موقع فراہم ہے۔

ریڈی نے بتا یا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں رشوت خوری اور بد عنوانیوں کو بڑھا وا ملا ہے،ملک قرضے کے بوجھ میں دبا ہوا ہے،عوام مرکزی حکو مت سے خوش نہیں ہیں اور ریاستی بی جے پی میں کو ئی لیڈر نہیں ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ اس مرتبہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اکثریت کے ساتھ اقتدار پر آئے گی۔ ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بننے کی تمام خوابیاں ان میں مو جود ہیں لیکن اس عہدے کے لئے دو تین افراد دعویدار ہیں۔ ایسے میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے دعویداری پیش کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے صاف طورپر کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے دعویدار نہیں ہیں۔اس موقع پر پریس کلب آف بنگلور کے صدر،سکریٹری،خازن کے علاوہ دیگر عہدیداران حاضر رہے۔


Share: