ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانپور:اہانتِ رسولؐ کے خلاف پرامن احتجاج میں فسطائیوں کا تشدد۔ فائرنگ،لاٹھی چارج،6؍افرادزخمی،حالات کشیدہ،اضافی فورس طلب

کانپور:اہانتِ رسولؐ کے خلاف پرامن احتجاج میں فسطائیوں کا تشدد۔ فائرنگ،لاٹھی چارج،6؍افرادزخمی،حالات کشیدہ،اضافی فورس طلب

Sat, 04 Jun 2022 10:45:33    S.O. News Service

کانپور،4؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی)پیغمبر محمدؐ کے خلاف بی جے پی ترجمان نپور شرما کے ذریعہ کئے گئے قابل اعتراض تبصرے کے خلاف اترپردیش کے ضلع کانپور کے بیگم گنج علاقے میں کیا گیا بنداور پرامن مظاہرے کا اعلان جمعہ کے بعدفسطائیوں کے تشدد کے بعد دوگروپوں میں کشیدگی کی شکل اختیار کرگیا-اس پرتشددجھڑپ میں 6افرادکے زخمی ہونے کی اطلاع ہے -وہیں 18 مظاہرین کو پولیس نے گرفتارکرلیا ہے اور موقع پر کثیرمقدار میں پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے -

پولیس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بی جے پی ترجمان نپور شرما کے ذریعہ پیغمبر محمد ؐ کے خلاف کئے گئے قابل اعتراض تبصرے کے سلسلے میں ایک گروپ مشتعل تھا اور اپنا احتجاج درج کرانے کیلئے جمعہ کی نماز کے بعد نئی سڑک پر جمع ہوا تھا-مظاہرین بی جے پی ترجمان کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے کہ دیکھتے ہی دیکھتے کچھ شرپسند عناصر نے پتھر بازی شروع کردی جس کے بعد ماحول بگڑ گیا-مظاہرہ دو گروپوں کے مابین پرتشدد جھڑپ کی شکل اختیار کرگیا-حالات اس قدر بے قابو ہوگئے کہ شرپسند عناصر کی جانب سے پتھراؤ کے ساتھ فائرنگ و بمباری کی بھی اطلاعات ہیں -دوگروپوں میں پرتشدد جھڑپ کی اطلاع پر کثیر پولیس نفری کے ساتھ ہی ڈی ایم نہا شرما، جوائنٹ پولیس کمشنر آنند پرکاش تیواری کے ساتھ کئی سرکل کے اے سی پی اور پی اے سی سمیت کثیرتعدادمیں فورس موقع پر پہنچی اور لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی گئی تب جاکرحالات قابو میں ہوئے لیکن اس دوران تشدد کی زد میں آئے 6افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے - پولیس نے سبھی زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے -سکیورٹی کے پیش نظر نئی سڑک پر کثیر تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے -

جن ستہ کی رپورٹ کے مطابق یہ ہنگامہ اس وقت ہوا جب پی ایم مودی اور صدر جمہوریہ کی آمد کی وجہ سے شہر میں کافی سکیورٹی تھی- پی ایم مودی اور صدرجمہوریہ کے ساتھ شہر سے تقریباً 70کلومیٹر دور ایک پروگرام میں موجود تھے جب پتھراؤ شروع ہوا تو بازار میں کافی لوگ موجود تھے جس سے بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی- مسلم تنظیمیں گستاخ رسولؐ نوپور شرما کی گرفتاری کیلئے سراپا احتجاج ہیں - احتجاج میں شامل لوگوں نے کہا کہ ہم سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن رسولؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے -وہیں اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ نے کہا ہے کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا جن لوگوں نے پتھربازی کی ہے اس کے گھرپر بلڈوزر چلایا جائے گا-


Share: