کاروار 22/ اکتوبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن کا بینگلورو تبادلہ کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ پر ضلع ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے پربھو لنگا کلوٹّی کی تعیناتی عمل میں آئی ہے ۔
مولئی موہیلن اور پربھو لنگا دونوں 2013 بیچ کے آئی اے ایس افسران ہیں ۔ فوری نافذ العمل ہونے والے تبادلہ کے احکام کے مطابق مولئی موہیلن بنگلورو میں ڈپارٹمنٹ آف یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ اسپورٹس کمشنر کی حیثیت سے چارج لیں گے جبکہ فی الحال ہٹّی گولڈ مائنس کے بنگلورو دفتر میں منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے ذمہ داری نبھانے والے پربھو لنگا ریڈی شمالی کینرا ڈی سی کے طور پر چارج لیں گے ۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے ہریش کمار کے تبادلہ کے بعد ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے والے مولئی موہیلن نے کووڈ اور لاک ڈاون کے دوران اور اس کے بعد بڑی سمجھداری اور عوام دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے بڑی حد تک عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کی تھی جس کی وجہ سے وہ ضلع میں ایک مقبول عام افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ نئے ڈی سی کے طور پر تعینات ہونے والے پربھو لنگا کلوٹّی بھی اسی روایت کو آگے بڑھائیں گے