کاروار ،22 / مارچ ( ایس او نیوز) ضلع ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹّی نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ آنے والے اسمبلی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کے دوران امن و امان بنائے رکھنے کے لئے ضلع کے کُل 1115 راوڈی شیٹرس کی فہرست تیار کی گئی ہے جن میں سے تین افراد کو ضلع بدر کیا گیا ہے اور مزید چار افراد کو ضلع بدر کرنے سے متعلق معاملہ زیر غور ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع میں جن 8 مقامات پر الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کی جو بات سامنے آئی تھی وہاں پر افسران کو بھیج کر عوام کے مسائل جاننے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہ لینے پر وہاں کے عوام کو آمادہ کیا گیا ہے ۔ سڑکوں ، پُلوں کی تعمیر جیسے بیشتر مسائل جو ضلع انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں انہیں حل کرنے کے لئے تعلقہ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے ۔ اگر مسائل بڑے منصوبوں سے متعلق ہیں تو انہیں متعلقہ محکمہ جات کے علم میں لایا گیا ہے ۔
درپیش اسمبلی انتخابات میں ووٹروں سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ ضلع میں جملہ 1183461 ووٹرس ہیں جن میں مرد ووٹرس 594244 اور خواتین ووٹرس کی تعداد 589211 ہے ۔ نوجوانوں ووٹروں کا نام فہرست میں داخل کرنے کے لئے خصوصی مہم چلائی گئی تھی ۔ اس الیکشن میں 3716 نوجوان ووٹرس پہلی مرتبہ اپنا حق استعمال کریں گے ۔ جبکہ ضلع میں جملہ 24234 نوجوان ووٹرس کا نام فہرست میں شامل ہے ۔ جسمانی طور پر معذور ووٹرس کی تعداد 14724 اور 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ ووٹرس کی تعداد 27399 ہے ۔
پولنگ بوتھ سے متعلق ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پورے ضلع میں جملہ 1122 مقامات پر 1435 پولنگ بوتھس ہونگے جن میں ہلیال کے 165 مقامات پر 215 ، کاروار کے 190 مقامات پر 262 ، کمٹہ کے 165 مقامات پر 215، بھٹکل کے 176 مقامات پر 248، سرسی کے 222 مقامات پر 264 اور یلاپور کے 204 مقامات پر 231 پولنگ بوتھس ہونگے ۔ ضلع بھر میں کُل 199 پولنگ بوتھس کو 'حساس' قرار دیا گیا ہے ۔ 55 مقامات ایسے ہیں جہاں پولنگ بوتھ کے لئے مسئلہ کھڑا کرنے والے فرد یا خاندان موجود ہیں ۔ اس قسم کے 1548 شرپسندوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ 80 سال سے زائد عمر والے ، جسمانی طور پر معذور یا کووڈ بیماری میں مبتلا افراد کے لئے ڈاک کے ذریعہ پولنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔
چیکس پوسٹس سے متعلق بتایا گیا کہ ہلیال میں 7، کاروار، کمٹہ، بھٹکل اور سرسی میں تین تین اور یلاپور میں 6 چیک پوسٹس سمیت ضلع میں جملہ 25 چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں ۔ ہلیال میں ایک اور کاروار میں دو بین الریاستی چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہلیال میں چار، بھٹکل اور سرسی میں دو دو اور یلاپور میں 6 سمیت جملہ 14 بین الاضلاع چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ضلع کے اندر 8 چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں ۔
پریس کانفرنس کے موقع پر ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وشنو وردھن ، ضلع پنچایت سی ای او ایشور کاندو، ایڈیشنل ڈی سی راجو موگویر، اے سی جئے لکشمی رائکوڈ وغیرہ موجود تھے ۔