ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پینٹاگون ٹرمپ ٹاور میں کرائے پر جگہ لینے کیلئے کوشاں

پینٹاگون ٹرمپ ٹاور میں کرائے پر جگہ لینے کیلئے کوشاں

Fri, 10 Feb 2017 12:19:48    S.O. News Service

واشنگٹن ،9؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ وہ نیویارک کے ٹرمپ ٹاور میں کرائے پر جگہ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ جگہ ان عسکری اہل کاروں اور ان کے سامان کے لیے مخصوص ہوگی جو امریکی صدر کے ٹرمپ ٹاور میں قیام کے دوران ان کے ساتھ ہوں گے۔ٹرمپ روزانہ کی بنیاد پر نیویارک میں اپنے ٹاور آنے جانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جب کہ خاتون اول ملانیا اور ان کا بیٹا بیرن دونوں پہلے ہی ٹرمپ ٹاور میں رہ رہے ہیں۔

امریکی صدر کے ساتھ چوبیس گھنٹے عسکری اہل کاروں کا ایک گروپ رہتا ہے بالخصوص اس میں نیوکلیئر کوڈز کا پیک تھامے رکھنے والے اہل کار بھی شامل ہیں جن کے ذریعے صدر چند لمحوں کے اندر نیوکلیئر حملے کو ممکن بنا سکتے ہیں۔پینٹاگون کی یہ کوشش ٹرمپ کی پراپرٹی کی دنیا میں بادشاہت سے متعلق مفادات کے ساتھ متصادم نظر آتی ہے۔ٹرمپ نے کرسی صدارت سنبھالنے پر ایک فنڈ قائم کر دیا تھا جس میں ان کے تمام اثاثے اور حصص شامل ہیں اور اس کے انتظامی امور اپنے دونوں بیٹوں کے حوالے کر دیے تھے۔

پینٹاگون کے ترجمان جیمس بریٹ ڈل کے مطابق سرکاری طور پر اہم تقاضوں کے پیش نظر وزارت دفاع قانونی حدود میں رہتے ہوئے ٹرمپ ٹاور میں ایک معینہ جگہ کرائے پر لینے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ جگہ صدر کے عمارت میں قیام کے دوران ان کی معاونت کرنے والوں اور ان کے سامان کے لیے ضروری ہے۔امریکی نیوز چینل CNN کے مطابق ٹرمپ ٹاور میں ایک پوری منزل کو کرائے پر لینے کے سالانہ اخراجات تقریبا 15 لاکھ امریکی ڈالر ہوں گے۔


Share: