ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / SIR نوٹس: بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کو ورچوئل حاضری یا اہل خانہ کے ذریعے دستاویزات جمع کرانے کی سہولت کا مطالبہ

SIR نوٹس: بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کو ورچوئل حاضری یا اہل خانہ کے ذریعے دستاویزات جمع کرانے کی سہولت کا مطالبہ

Sun, 06 Sep 2026 13:19:49    S O News
SIR نوٹس: بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کو ورچوئل حاضری یا اہل خانہ کے ذریعے دستاویزات جمع کرانے کی سہولت کا مطالبہ

منگلور، 6/ستمبر (ایس او نیوز): اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے تحت بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کو جاری نوٹس کے جواب کے لیے انڈیا میں ذاتی طور پر حاضر ہونے کی شرط سے پیدا ہونے والی دشواریوں کے حل کے لیے این آر آئی فورم سعودی عرب نے ریاستی وزیر صحت، حج و ضلع انچارج وزیر یو ٹی قادر سے ملاقات کرکے یادداشت پیش کی اور متبادل طریقہ کار فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

این آر آئی فورم کے صدر ذکریا جوکٹے اور شیخ کرنیری کی ہدایت و رہنمائی میں وفد نے 6 ستمبر کی رات تقریباً ایک بجے وزیر یو ٹی قادر سے ملاقات کی۔ وفد نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم کنڑیگاس کے لیے SIR نوٹس کے جواب میں بھارت آکر ذاتی طور پر حاضر ہونا مشکل ہے، اس لیے انہیں ورچوئل حاضری یا پاسپورٹ کی کاپی جمع کرکے کارروائی مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔

IMG-20260906-WA0016

وزیر یو ٹی قادر نے رات گئے وفد کی یادداشت وصول کرتے ہوئے فوری طور پر مثبت ردعمل ظاہر کیا اور یقین دلایا کہ وہ اس معاملے پر کرناٹک کے انتخابی حکام سے بات کریں گے۔ انہوں نے پاسپورٹ کی کاپی جمع کرنے یا ضرورت پڑنے پر ورچوئل حاضری کے ذریعے SIR کی کارروائی مکمل کرنے کا طریقہ وضع کرنے کے سلسلے میں انتخابی کمیشن سے بات چیت کرکے اسے عملی شکل دینے کی کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

این آر آئی فورم نے کہا کہ SIR کے تحت نوٹس حاصل کرنے والے بیرونِ ملک مقیم کنڑیگاس کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور امید ظاہر کی کہ انہیں صرف SIR کی کارروائی کے لیے انڈیا آکر ذاتی طور پر حاضر ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

یاد رہے کہ بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کی مشکلات کے پیش نظر بھٹکل کی مجلسِ اصلاح و تنظیم بھی اس معاملے میں پہلے ہی پہل کرچکی ہے۔ دو روز قبل تنظیم نے اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کے لیے بھی ایسی سہولت فراہم کی جائے جس کے تحت ان کے اہل خانہ ضروری دستاویزات ان کی جانب سے جمع کراسکیں۔

تنظیم نے اس سلسلے میں تلنگانہ میں دی گئی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہاں بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کے اہل خانہ کو مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے، اسی طرز پر کرناٹک میں بھی انتظام کیا جانا چاہیے۔ تنظیم کی جانب سے اس معاملے پر کرناٹک کے ڈپٹی اسپیکر اور بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا کو بھی یادداشت پیش کی گئی تھی۔

این آر آئی فورم سعودی عرب کے وفد میں فورم کے مشیر فاروق ملکی، خازن ایاز کائیکمبا، چیف کوآرڈینیٹر رفیق کے ایچ، عبد الحمید آرامیکس اور مشتاق ایم ایچ بھی شامل تھے۔

Click here for report in English 


Share: