ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پلوامہ حملہ انکشاف پر وزیراعظم کی خاموشی افسوسناک، کیا آنے والے دن جمہوریت کیلئے اچھے ہونے والے ہیں؟کانگریس

پلوامہ حملہ انکشاف پر وزیراعظم کی خاموشی افسوسناک، کیا آنے والے دن جمہوریت کیلئے اچھے ہونے والے ہیں؟کانگریس

Mon, 24 Apr 2023 12:00:49    S.O. News Service

نئی دہلی، 24/اپریل(ایس او نیوز/ایجنسی)کانگریس نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے پر جموں و کشمیر کے اس وقت کے گورنر ستیہ پال ملک کے حالیہ انکشافات سے جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ حیران کن ہیں اور ہم وطنوں کو توقع تھی کہ حکومت اس کا جواب دے گی لیکن یہ حیران کن ہے کہ مودی حکومت نے اس پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے -

ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے کمیونی کیشن چیف پون کھیڑا نے کہا کہ مسٹر ملک نے انکشاف کیا ہے کہ اگر جوانوں کو سری نگر بھیجنے کیلئے پانچ طیارے فراہم کیے جاتے تو انھیں شہادت سے بچایا جا سکتا تھا-

مسٹر ملک نے ایک حالیہ انٹرویو میں واضح طور پر انکشاف کیا ہے کہ یہ حملہ انٹیلی جنس کی ناکامی اور سکیورٹی کی خرابی کی وجہ سے ہوا، اگر طیارہ فراہم کیا جاتا تو جوانوں کی شہادت کو روکا جاسکتا تھا لیکن حکومت نے طیارہ فراہم کرنے سے انکار کر دیا-

مسٹر کھیڑا نے کہاکہ انکشاف میں یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ 14فروری 2019کی شام کو جب ستیہ پال ملک نے فون پر وزیر اعظم کو بتایا کہ یہ غفلت اور کوتاہی تھی جس کی وجہ سے ہمارے فوجی شہید ہوئے- وزیراعظم نے ان سے کہاکہ تم چپ کرو، یہ کچھ اور ہے-

مسٹر ملک نے پلوامہ حملے کے حوالے سے اتنا بڑا انکشاف کیا ہے اور اس انکشاف کے بعد ہم وطنوں کو توقع تھی کہ حکومت کی طرف سے کوئی ردعمل آئے گا لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ مودی حکومت نے اس معاملے میں مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے-

ترجمان نے طنزیہ انداز میں کہاکہ مسٹر ملک کے اس انکشاف کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی- تاہم حیرت کی بات ہے کہ 'صاحب' کو سی بی آئی کو ستیہ پال جی کے پیچھے چھوڑنے میں 10دن کیسے لگے- مسٹر ملک نے کہا کہ جب انہوں نے وزیر اعظم سے گوا میں بدعنوانی کے بارے میں بات کی، گوا کے وزیر اعلیٰ پر نہیں بلکہ ان کا ٹرانسفر کر دیا گیا -

جب ستیہ پال جی نے رام مادھو کا نام لیے بغیر 2021 میں بدعنوانی کی بات کی، تب بھی سی بی آئی نے ملک جی سے پوچھ گچھ کی، دراصل اب سی بی آئی کے ذریعے یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ آپ چپ رہیں -

کانگریس لیڈر نے کہا کہ جس طرح سے اس حکومت کے نو سال گزر چکے ہیں، جس طرح کی پالیسیاں بنی ہیں، بہت سی چیزیں ہیں جنہیں حکومت چھپانا چاہتی ہے، لیکن اب بہت سے لوگ کھل کر سامنے آ رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ باتیں بتائیں - آنے والے دن جمہوریت کیلئے اچھے ہونے والے ہیں -


Share: