نئی دہلی، 16؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بڑے نوٹوں کے چلن کو بند کرنے کے معاملے پر اپوزیشن کی طرف سے حکومت کو گھیرنے کی کوشش کے درمیان مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ میں مثبت ماحول میں تخلیقی بحث ہوگی اور ایوان میں آئی تجویز بلیک منی پر لگام لگانے کی جنگ میں معاون ہوں گی ۔نقوی نے میڈیا سے بات چیت میں دعوی کیا کہ ہم نے کہا ہے کہ ہمارے پاس حزب اختلاف کے ہر سوال کا جواب ہے۔ہماری شروع سے یہ کردار رہا ہے کہ پارلیمنٹ میں مثبت ماحول میں تخلیقی بحث ہونی چاہیے ۔۔انہوں نے کہا کہ بڑے نوٹوں کے چلن کو بند کرنے کا مودی حکومت کا فیصلہ ایک بڑا انقلابی اور تبدیلی والا قدم ہے، ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ اس سے کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی، لوگوں کو تھوڑی بہت پریشانی ضرور ہوگی، لیکن بالآخر یہ فیصلہ غریبوں اور عوام کے لیے مفید ثابت ہوگا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت لوگوں کو ہونے والی پریشانیوں کا حل نکالنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔حکومت اس مسئلے کو لے کر سنجیدہ ہے اور اسی احساس کے مطابق مسئلہ سے نمٹ رہی ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث کے دوران جو تجاویز آ رہی ہیں اور جو تجاویز آئیں گی ، ہم اس پر مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے۔نقوی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پارلیمنٹ میں بلیک منی سمیت سبھی مسائل پر مثبت اور تخلیقی بحث ہوگی اور اس سے بلیک منی کے خلاف جنگ کو تقویت ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جو تجاویز آئیں گی ، وہ بلیک منی کے خلاف جنگ میں مددگار ہوں گی ۔