نئی دہلی، 16نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال 500 اور 1000روپے کے نوٹوں کا استعمال بند کرنے کے مرکز کے قدم کے پیش نظر شہر میں کسانوں، تاجروں اور کارکنوں کے ساتھ کل ملاقات کریں گے۔کیجریوال نے ٹویٹ کیا، ’نوٹوں کو بند کرنے کے خلاف آزاد پور منڈی میں صبح 11بجے جلسہ عام ہوگا۔نوٹوں کو استعمال سے باہر کئے جانے کی وجہ سے مسائل کا سامنا کر رہے لوگ وہاں پہنچیں۔‘دہلی کے وزیر محنت گوپال رائے نے بھی کہا کہ 500 اور 1000روپے کے نوٹ کو بند کرنے کے معاملے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے تاجروں، کسانوں اور کارکنوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایک دن پہلے کیجریوال نے صدر پرنب مکھرجی سے اپیل کی تھی کہ وہ مرکز کو نوٹوں کو استعمال سے باہر کرنے کا قدم واپس لینے کی ہدایت دیں۔انہوں نے نوٹوں کو بند کرنے کے قدم کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کرائے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔