اندور، 14؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )نوٹ بند ی کو لے کر مرکز کی نریندر مودی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری موہن پرکاش نے آج الزام لگایا کہ اس فیصلے سے بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی کرنسی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔موہن پرکاش نے یہاں ہوائی اڈے کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہاکہ مودی حکومت کی طرف سے 500اور 1000روپے کے نوٹ کو بند کرنے کے فیصلے سے ہندوستانی کرنسی کو گزشتہ 50-60سال میں حاصل ہوئی ساکھ گری ہے ۔بیرون ملک یہ کہہ کر ہمارا مذاق اڑایاجارہا ہے کہ ہندوستانی لوگوں کو چند ڈالروں کے لیے بینکوں میں گھنٹوں لائن میں کھڑا رہنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہاکہ مودی حکومت کے نوٹ بند ی کے فیصلے سے ملک میں نقد پیسوں کا بہت بڑا بحران ہے۔اس فیصلے سے کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں اور غریبوں،گھریلو خواتین اور کسانوں کو بھی پریشان ہونا پڑ رہا ہے،لیکن حکومت اس فیصلے پر پھولی نہیں سمارہی ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ان کی پارٹی ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نبھاتے ہوئے پارلیمنٹ کے16؍نومبرسے شروع ہونے والے سرمائی اجلاس میں نوٹ بند ی سے پیداہوئے بحران کا مسئلہ اٹھائے گی ۔