مینگلورو،8/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) بی جے پی کے رکن اسمبلی سنجیو متندور نے دکشن کنڑا کی نامعلوم خاتون کے ساتھ اپنی مبینہ ناشائستہ تصاویر کی اجرائی کے سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔ متندور نے کہا ہے کہ وائرل تصاویر تحریف شدہ ہیں اور آنے والے انتخابات میں ان کی شکست کو یقینی بنانے سازش کے حصے کے طور پر وائرل کی گئیں ہیں۔
انہوں نے اپین انگڑی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرکے پولیس سے تصاویر وائرل کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے آئی ٹی قانون کے تحت ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ معاملہ مئی کے انتخابات سے قبل کرناٹک بی جے پی کے لیے ایک اور جھٹکہ تصور کیا جارہا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ پتور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی کی نامعلوم خاتون کے ساتھ مستی کے موڈ میں تصاویردکشن کنڑا میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ یہ بی جے پی کے اندرونی افراد کی کارستانی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے کا مقصد پارٹی پر متندور کو ٹکٹ نہ دینے کا دباؤ ڈالنا ہے۔
ان کے خلاف زبردست لابنگ کی جارہی ہے جبکہ کانگریس بھی یہ سیٹ چھیننا چاہتی ہے۔2018ء کے انتخابات میں متندور نے کانگریس امیدوار شکنتلا شیٹی کو 19,447 ووٹوں سے شکست دی۔ ایک خانگی ویڈیو پر متندور کے تعلق سے پہلے بھی افواہیں گشت کرچکی ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ متندور نے زمین پر اچھا کام کیا ہے مگر پارٹی کے اندر ان کے کئی دشمن ہیں حتیٰ کہ سنگھ پریوار کے قائدین بھی ان سے خوش نہیں ہیں۔ بی جے پی ذرائع نے کہا کہ پارٹی نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔
ایک ایسے وقت جب پارٹی بی جے پی رکن اسمبلی مدل ویروپکشپا کی گرفتاری سے صدمہ میں ہے، اس واقعہ نے پارٹی کو مزید ناراض کردیا۔ ہندو کارکن ارون کمار، صنعت، سماجی کارکن اور سابق چیف منسٹر ڈی وی سدانندگوڑا کے حامی اشوک رائے بھی پٹور حلقہ سے ٹکٹ کے خواہشمند ہیں۔