ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: بخار میں مبتلا 2 بھائی 24 گھنٹوں کے اندر فوت

مینگلور: بخار میں مبتلا 2 بھائی 24 گھنٹوں کے اندر فوت

Thu, 27 Oct 2022 10:10:44    S.O. News Service

مینگلور 27/ اکتوبر (ایس او نیوز) چند دن سے بخار میں مبتلا ایک ہی ماں باپ کے 2 بچے 24 گھنٹے کے اندر یکے بعد دیگرے فوت ہونے کا المناک واقعہ مینگلور کے قریب بیلتنگڈی کے پاڈنگاڈی گاوں میں پیش آیا ۔

 بتایا جاتا ہے کہ محمد عباس اور میمونہ کے بیٹے محمد سنان (10 سال) اور محمد صفوان (4 سال) دونوں کو اچانک اس وقت بخار شروع ہوا جب 21 اکتوبر کی شام کو دونوں کھیل کود کر گھر واپس لوٹے تھے ۔ ایک مقامی اسپتال میں دونوں کا علاج کیا گیا . مگر 22 اکتوبر کو بخار پھر سے زیادہ تیز ہوگیا تو ڈاکٹر نے بہتر علاج کے لئے منگلورو کے اسپتال میں منتقل کرنے کا مشورہ دیا ، جس کے بعد دونوں بچوں کو منگلورو کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں آئی سی یو میں رکھا گیا ۔ اس دوران علاج کارگر نہیں ہوا اور بچوں کا بخار تیز ہوتا گیا ۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے 24 اکتوبر کو صفوان نے دم توڑ دیا اور اس کے 24 گھنٹے کے اندر 25 اکتوبر کو سنان نے بھی آخری سانس لی ۔ 

 معلوم ہوا ہے کہ محمد سنان چوتھی جماعت کا طالب علم تھا اور سنان کا داخلہ آنگن واڈی میں کیا گیا تھا ۔ بیک وقت دونوں بچوں کے فوت ہوجانے سے ماں باپ پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے اور ان کی آہ و زاری دیکھی نہیں جا رہی ہے ۔

 ہاسپٹل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کو ایک قسم کا نمونیہ ہوگیا تھا اور ان کے اعضائے رئیسہ نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا ، جس کی وجہ سے علاج کا کوئی اثر نہیں ہوا اور ان بچوں کی موت واقع ہوگئی ۔


Share: