ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلورو : ساحلی علاقے میں پھیل رہا ہے 'مدراس آئی انفیکشن'

مینگلورو : ساحلی علاقے میں پھیل رہا ہے 'مدراس آئی انفیکشن'

Thu, 27 Oct 2022 10:37:29    S.O. News Service

منگلورو 27/ اکتوبر (ایس او نیوز) عام زبان میں آشوبِ چشم یا 'آنکھیں آنا' کہلانے والا متعدی مرض 'مدراس آئی انفیکشن' آج کل ساحلی علاقوں میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے ۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق منگلورو کے پڈیل علاقے میں کچھ دن پہلے بہت سارے لوگوں میں یہ مرض اچانک پھیل گیا تھا اس کے بعد سے پرموڈو، ایکارو، بجپے ٹاون پنچایت جیسے مختلف علاقوں میں اپنی آنکھوں پر کالے چشمے چڑھائے ہوئے لوگوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔ آنکھوں میں سرخی اور سوزش والے اس مرض سے متاثرہ افراد میں سڑک کنارے کاروبار کرنے والے ، ٹھیلے اور پھیری والوں کے علاوہ طلبہ کی تعداد زیادہ ہے ۔ 

خیال رہے کہ طبی زبان میں کنجکٹوائٹس کہلانے والا یہ ایک متعدی مرض ہے جس کا سبب مخصوص بیکٹیریا ہوتے ہیں ۔ اس میں آنکھوں کے اندر سوجن اور سوزش ہوتی ہے ، بہت زیادہ سرخی پائی جاتی ہے اور میل نکلتا رہتا ہے ۔ اس مرض کا کوئی مخصوص علاج نہیں ہے ۔ علامات کے لحاظ سے ڈاکٹروں سے مشورہ کیا جانا چاہیے ۔ عام طور پر محض آنکھوں میں ڈراپس ڈالنے سے دو چار دن میں یہ مرض ٹھیک ہوجاتا ہے ۔ البتہ حفظان صحت کا خاص خیال رکھنا چاہیے ۔ بار بار آنکھوں کو ملنے یا چھونے سے گریز کرنے کے علاوہ اپنے ہاتھوں کو دھوتے رہنا اور صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے ۔ آنکھیں صاف کرنے کے لئے نہایت ملائم اور صاف ستھرے کپڑے کا استعمال کرنا چاہیے، ورنہ سوپر انفکیشن ہونے کا امکان رہتا ہے ۔  


Share: