مینگلور،10 / مئی (ایس او نیوز) دو نوجوانوں کے نام یکساں ہونے کے نتیجہ میں پولنگ افسر نے غلط اندراج کیا اور اس کا خمیازہ دوسرے نوجوان کو ووٹ ڈالنے سے محروم رہتے ہوئے بھگتنا پڑا۔ واردات مینگلور سے قریب 85 کلو میٹر دور دکشن کنڑا کے کڈبا میں پیش آئی۔
اطلاع کے مطابق پہچان کی غلطی کا یہ معاملہ کڈبا کے کیرمائی گورنمنٹ ہائیر پرائمری اسکول میں واقع بوتھ نمبر 101 میں پیش آیا ۔ جہاں صادق نامی ایک نوجوان اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے پہنچا تو اندر بیٹھے ہوئے پولنگ افسر نے اسے بتایا کہ اس کا ووٹ پول ہو چکا ہے ۔ اس پر صادق نے اعتراض جتاتے ہوئے کہا وہ ابھی پہلی مرتبہ بوتھ میں داخل ہوا ہے تو اس کا ووٹ پہلے سے کیسے پول ہوگیا ۔ اس کے بعد جب ووٹر لسٹ کی گہرائی سے جانچ کی گئی تو پتہ چلا کہ صادق نامی ایک اور شخص نے اپنا ووٹ پول کیا تھا اور غلطی سے پولنگ افسر نے اس کے بجائے صادق نامی دوسرے ووٹر کے نام کے آگے نشان لگا دیا اور اس کے دستخط کروائے تھے ۔ صادق نامی ان دو افراد کے ساتھ یکسانیت اور الجھن کا معاملہ اس وجہ سے بھی ممکن ہوا کہ دونوں کے والد کا نام بھی ایک ہی تھا۔
لہٰذا صادق نامی شخص جب اپنا ووٹ پول کرکے نکل گیا اور صادق نامی دوسرا نوجوان پولنگ اسٹیشن پہنچا تو اس کے نام کے آگے ووٹ پول ہونے کی رپورٹ موجود تھی ۔ حالانکہ یہ پولنگ افسر کی غلطی کا نتیجہ تھا مگر صادق نامی دوسرے ووٹر کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی اور اسے مایوس ہو کر ووٹ ڈالے بغیر واپس لوٹنا پڑا۔