میسورو، 11/مئی (ایس او نیوز/پیر پاشاہ) میسورو میں وقت پر تمام پولنگ بوتھوں میں ایک ساتھ پولنگ کا آغاز کیا گیا۔ضلع انتظامیہ کی مسلسل کوشش کی وجہ سے اور خاص کر مسلم اکثریت والے علاقوں میں جمعہ کے خطبوں کے موقع پر خطیب حضرات اور اردو اخباروں میں مختلف تعلیمی اورملی اداروں کی اپیل کی وجہ سے مسلم ووٹرس میں ایک خاص بیداری دیکھی گئی اور نرسمہاراجہ اور چامراجہ حلقے میں مسلم ووٹروں کی کافی تعداد دیکھی گئی۔برقعہ پوش مسلم خواتین کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
پہلی مرتبہ پولنگ میں حصہ لینے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے پورے جوش و جذبے کے ساتھ گروپوں میں پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ سینئر سٹیزن ووٹروں کی کثیر تعداد بھی پولنگ بوتھ پہنچی اور اپنی ذمہ داری نبھائی۔ ابتداء کے دو گھنٹے پولنگ کافی دھیمی رہی لیکن بعد میں ووٹروں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا۔ دوپہر ایک بجے تک میسورکے حلقہ کرشنا راجہ میں 35.52فیصد پولنگ رہی،حلقہ چامراجہ میں 33.50%، حلقہ نرسمہاراجہ میں 33.69%، حلقہ چامنڈیشوری میں 36% اور حلقہ رونا جہاں سے سابق وزیر اعلیٰ وکانگریس کے امیدوار سدارامیا اپنے آخری الیکشن میں ریاستی وزیر و بی جے پی کے امیدوار وی سومنا کے خلاف قسمت آزما رہے ہیں۔ حلقہ نرسمہاراجہ میں شام 4.30بجے تک 50% سے زائد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ عمر رسیدہ ووٹروں کی مدد کیلئے میسور ضلع انتظامیہ کی جانب سے ین سی سی، این ایس ایس، اسکاؤٹ اور گائیدس کے رضاکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ چناؤ قوانین کے تحت پولنگ بوتھ سے 200میٹر کی دوری کے بعد مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکن اپنے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کیلئے ووٹروں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کررہے تھے۔
حلقہ نرسمہاراجہ میں یس ڈی پی آئی کے کارکن اور کانگریس کے کارکنوں کے درمیا ن نعرے بازی ہوئی۔ حلقہ ورونا میں سابق ریاستی وزیر اعلیٰ و کانگریس کے امیدوار سدارامیا نے اپنے فرزند و رکن اسمبلی ڈاکٹر یتیندرا سدارامیا اور اپنی بہو سمیتا راکیش کے ہمراہ سدرامن ہنڈی پہنچ کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا،چند حلقوں میں غلطی سے سیدے ہاتھ کی انگلی پر سیاہی کا نشان لگا دیا گیا یہاں تک کہ ورونا حلقہ کے کانگریس کے امیدوار سدارامیا کو بھی سیدھے ہاتھ کی انگلی کو ہی نشان لگا یا گیا ہے۔ میسور کے پولیس کمشنر بی رمیش بانوت نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ جل پری میں واقع سرکاری ہائر پرائمری اسکول پہنچ کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا جبکہ میسور ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے وی راجیندرا نے میسور کی سی یف ٹی آر ای اسکول میں واقع پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ پولیس کی جانب سے تمام پولنگ بوتھوں پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ صرف ووٹروں کے شناختی کارڈ دیکھ کر انہیں پولنگ بوتھوں میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔