منگلورو،14؍نومبر (ایس او نیوز) سورتکل ٹول گیٹ کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مدت سے جو احتجاج کیا جا رہا تھا اسے آج اس وقت کامیابی ملی جب ٹول گیٹ پر ٹیکس وصولی بند کیے جانے کی اطلاع رکن پارلیمان اور بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ دی۔
نلین کمار نے وزیر اعظم نریندرا مودی اور مرکزی وزیر نتین گڈکری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا : " مرکزی وزیر نے اس سے قبل ٹول گیٹ بند کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ اب تیکنیکی طور پر اس پر عمل در آمد ہوا ہے۔"
خیال رہے کہ کئی دنوں سے ہو رہے ٹول گیٹ مخالف مظاہروں کے بیچ چند دن قبل رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے احتجاجی مظاہرین سے وعدہ کیا تھا کہ 7 نومبر تک گیٹ پر ٹول وصولی بند کی جائے گی ۔ مگر اس پر عمل نہ ہونے پر ٹول گیٹ ہوراٹا سمیتی نے اعلان کیا تھا کہ مزید بڑے پیمانے پراحتجاجی مظاہرے ہونگے۔
ٹول گیٹ کے پاس گزشتہ 18 دنوں سے مسلسل دن رات چل رہے احتجاجی دھرنے کے دوران آج ہی ہوراٹا سمیتی نے اعلان کیا تھا کہ 18 نومبر کو توڈمبیل کراس سے سورتکل ٹول گیٹ کا زبردست پیدل مارچ منعقد کیا جائے گا۔