ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : جلیل قتل معاملہ : اخلاقی پولیس گیری کے نام پر غنڈہ گردی - مسلم جماعتوں اور تنظیموں نے کیا احتجاجی مظاہرہ

منگلورو : جلیل قتل معاملہ : اخلاقی پولیس گیری کے نام پر غنڈہ گردی - مسلم جماعتوں اور تنظیموں نے کیا احتجاجی مظاہرہ

Wed, 28 Dec 2022 12:42:03    S.O. News Service

منگلورو ،28 / دسمبر (ایس او نیوز) جنوبی کینرا میں مسلسل چل رہی غیر اخلاقی پولیس گیری ، فرقہ پرستانہ غنڈہ گردی اور عبدالجلیل مرڈر معاملہ کی مذمت اور مقتول کے خاندان کو معاوضہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کرناٹکا مسلم جماعت، ایس وائی ایس اور ایس ایس ایف کی طرف سے شہر میں منی ودھان سودھا کے روبرو  زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
    
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مقتول جلیل کے گھر پر وزیر اعلیٰ کو آنا چاہیے اور حکومت کی طرف سے مقتول کے اہل خانہ کے لئے ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جانا چاہیے ۔ قتل میں ملوث اصل مجرموں کا پتہ لگانے اور انہیں ضمانت نہ ملنے جیسے اقدامات ہونے چاہئیں ۔ جرم انجام دینے والے ملزموں کا سینہ تان کر گھومنا پھرنا بند ہونا چاہیے ۔ 
    
مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی قیمت پر  پولیس کو انتظامیہ کی کٹھلی پتلی نہیں بننا چاہیے ۔ بلا وجہ بے قصور افراد کے خلاف معاملات درج کرکے ان کی زندگی برباد نہیں کرنی چاہیے ۔ تباہ ہوتی ہوئی امن و امان اور قانون کی صورتحال کو بہتر کرنے کے اقدامات ہونے چاہئیں ۔ غیر اخلاقی پولیس گیری پر لگام کسنی چاہیے ۔ ایسے معاملات میں  گرفتار ہونے والوں کو  تھوڑے ہی وقفہ میں ضمانت پر رہا کرنے کا سلسلہ رکنا چاہیے ۔ 
    
اس موقع پر بات کرتے ہوئے مقتول جلیل کے بھائی محمد مصلیار نے کہا کہ جلیل کے قتل سے صرف اس کے خاندان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوئی ہے بلکہ پوری انسانی برادری کے ساتھ  ناانصافی ہوئی ہے ۔ اس نا انصافی کے خلاف یہ جو احتجاج ہو رہا ہے یہ حکومت کے لئے ایک چنوتی ہونی چاہیے ۔
    
ایس ایس ایف کے قومی لیڈر ابوبکر صدیق ، کرناٹکا مسلم جماعت کے سیکریٹری عبدالحمید بجپے، اور دیگر ذمہ داران نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔
    
اس موقع پر سابق رکن اسمبلی محی الدین باوا، کے پی سی سی جنرل سیکریٹری عنایت علی ، بی ایم ممتاز علی، سہیل کندک، اشرف سعدی اور مختلف علاقوں کے ذمہ داران اور کارکنان نے اس احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی ۔ 


Share: