ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں سونا اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے دو افرادکو ڈی آئی آر نے کیا گرفتار

منگلورو میں سونا اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے دو افرادکو ڈی آئی آر نے کیا گرفتار

Fri, 10 Feb 2017 11:44:12    S.O. News Service

منگلورو 9؍فروری (ایس او نیوز) ایسا لگتا ہے کہ خلیجی ممالک سے سونا اسمگلنگ پر روک تھام کی جتنی کوشش کسٹمز اور ڈی آر آئی والے کرتے ہیں وہ کارآمد نہیں ہورہی ہے،کیونکہ اس سے اسمگلنگ میں کمی ہونے کا نام ہی نہیں آرہا ہے۔ بلکہ سونا اسمگل کرنے کے ہر بار نت نئے طریقے سامنے آرہے ہیں۔

تازہ واقعہ منگلورو پمپ ویل سرکل کا ہے جہاں پر ڈی آر آئی والوں نے دھاوا بول کر دبئی سے منگلورو آنے والے کاسرگوڈ کے باشندے حارث پانالم محمد کنّی اور اس سے اسمگل کیا گیا سونا لینے کے لئے آنے والے فیاض کو گرفتار کرلیا۔ساتھ ہی حارث کے پاس موجود ایک ایمپلی فائر میں چھپایا گیا 698.200گرام سونا بھی ضبط کرلیا جس کی مالیت 20,24,780بتائی جاتی ہے۔

کہتے ہیں کہ یہ دونوں افراد سونے کی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کے مہرے تھے۔ مبینہ طور پردبئی میں موجود اسمگلرز کاسرگوڈ اور دیگر ساحلی شہروں کے مسافروں کوبڑے معاوضے کا لالچ دے کر کیاریئر carrierکے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اور اس کے لئے نئے نئے طریقے اپناتے ہیں۔ ڈی آر آئی افسران کا کہنا ہے کہ حارث محمد کنی نے بھی تفتیش کے دوران اس بات کو قبول کیا ہے کہ وہ معاوضے کی رقم لے کر سونا چھپایا گیا ایمپلی فائر اپنے ساتھ لایا تھا جسے اس کو پمپ ویل سرکل کے پاس انتظار کررہے فیاض کے حوالے کرنا تھا۔ افسران کا کہنا ہے کہ فیاض نے بھی اس بات کو قبول کرلیا ہے کہ وہ کمیشن پر یہ کام کیا کرتاہے۔ اس سے پہلے بھی اس طرح کے مسافروں سے سونا چھپا ہوا سامان حاصل کرکے وہ کاسرگوڈ میں دوسرے ایجنٹ کے حوالے کرنے کے کام میں ملوث رہا ہے۔

ڈی آر آئی کے افسران نے بتایا کہ انہیں منگلورو پمپ ویل کے قریب اس طرح کی اسمگلنگ کی سرگرمیاں چلنے کی مصدقہ خبر ملی تھی۔ جب انہوں نے صبح کے وقت دبئی سے آنے والے حارث اور فیاض کو پمپ ویل سرکل پرگھیرا تو وہ کوئی واضح جواب نہیں دے پائے۔ تب انہوں نے ان دونوں کو دفتر میں لاکر پوچھ تاچھ کی ۔ اور ایئر پورٹ سے کلیئرنس کرکے باہر لائے گئے حارث کے سامان کی تلاشی لی تو اس کے پاس موجود ایمپلی فائر کے اندر سونا پایا گیا۔ جسے پگھلا کرپلیٹس بنانے اور انگریزی میںIاور Eکی شکل میں کاٹنے کے بعد اس پر مرکیوری (پارہ) کو خول چڑھادیا گیا تھا۔اور پھر اسے ایمپلی فائر کے ٹرانسفارمرکوئیل کے اندر فٹ کردیا گیا تھا۔اس وجہ سے کسٹمز کی نظروں سے وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

ان دونوں افراد کو سونا اسمگل کرنے کے جرم میں کسٹمز ایکٹ 1962کی دفعہ 104کے تحت گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیاگیا جہاں سے انہیں دس دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
 


Share: