سولیا 16/ نومبر (ایس او نیوز) قریبی تعلقہ سولیا کے کلّو گنڈی نامی علاقے میں ایک کے ایس آر ٹی سی بس اور کنٹینر ٹرک کے بیچ پیش آئی بھیانک ٹکر میں ٹرک ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگر 10 افراد زخمی ہوگئے ۔
اطلاع کے مطابق کے ایس آر ٹی سی بس میسورو سے پتور کی طرف جا رہی تھی جس کے دوران وہ کنٹینر سے ٹکرا گئی ۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ٹرک ڈرائیورسدھو اپنی سیٹ اور اسٹیئرنگ کے بیچ میں پھنس کر رہ گیا اور شدید زخمی حالت میں تڑپنے لگا ۔ گیس کٹر کی مدد راڈ کاٹنے کے بعد اسے باہر نکالا گیا مگر اس کے دونوں پیر بری طرح زخمی ہوگئے تھے۔
اسپتال میں منتقل کرنے کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔ اسی طرح ایک اور مسافر بھی پھنس گیا تھا جسے گیس کٹر کی مدد سے سیٹ راڈ کاٹ کر نکالا گیا ۔ زخمیوں کو سولیا سرکاری اسپتال اور کے وی جی ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے۔
سولیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کرتے ہوئے کیس درج کر لیاہے۔