ممبئی،25/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی)مہاراشٹر میں سیاسی ماحول ایک بار پھر گرم ہو گیا ہے۔ شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے)کے رہنما سنجے راوت کے اس دعوے کے بعد کہ ایکناتھ شنڈے کی قیادت والی حکومت 15دن میں گرجائے گی، ادھو ٹھاکرے نے جلگاؤں ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں انتخابات”کسی بھی وقت“ہو سکتے ہیں اور ان کی پارٹی اس کیلئے تیار ہے۔
دراصل، سنجے راوت نے دعویٰ کیا تھا کہ ایکناتھ شنڈے کی حکومت کا”ڈیتھ وارنٹ“جاری کیا جا چکا ہے۔ یہ حکومت اگلے 15-20 دنوں میں گر جائے گی۔ اس بیان کے بعد ہی ٹھاکرے کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور ہمیں امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔ اس کے بعد کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
ٹھاکرے نے طنز کیا کہ ریاستی بی جے پی کے سربراہ چندر شیکھر باونکولے نے کہا تھا کہ شنڈے کی پارٹی کو کل 288میں سے صرف 48سیٹیں دی جائیں گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی اس شخص کی قیادت میں الیکشن لڑے گی جس نے صرف 48 سیٹوں پر مقابلہ کیا تھا؟ وزیر اعلیٰ شنڈے اور دیگر باغی رہنماؤں کا حوالہ دیتے ہوئے، ٹھاکرے نے کہا کہ ان کی پارٹی اور حامی اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ”غدار“سیاسی طور پر ختم ہو جائیں۔ سب دیکھیں گے کہ آپ ختم ہو گئے ہیں۔