سرسی ،19 / اپریل (ایس او نیوز) کانگریسی لیڈر اور اسمبلی انتخاب میں امیدوار بھیمنّا نائک نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد اخبار نویسوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مرتبہ پریش میستا کی موت کو کانگریسی کارکنان کے سر تھوپ کر انتخاب جیتنے والے بی جے پی اراکین اس مرتبہ اپنی عدم کارکردگی کی وجہ سے بری طرح شکست کا منھ دیکھیں گے اور سرسی سداپور حلقہ میں کانگریس کے امیدوار شاندار جیت درج کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں کانگریس کو تنظیمی طور پر مستحکم کرنے کے لئے میں نے بھرپور محنت کی ہے ۔ میں نے دیہاتوں اور قصبوں کا دورہ کیا ہے ۔ وہاں کسی قسم کے ترقیاتی کام نہ ہونے اور رکن اسمبلی کی ناکام کارکردگی کی جو حالت دیکھنے کو ملی ہے اس سے بڑا دکھ ہوتا ہے ۔ یہاں کے عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بھی اوب چکے ہیں ۔ کسان کھاد اور جراثیم کش دوا کی گرانی اور فصلوں کی اچھی قیمت نہ ملنے سے پریشان ہیں ۔ یہ لوگ اب کانگریس سے امید لگائے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عوام زندگی کے ہر قدم پر مسائل سے گھرے ہوئے ہیں ۔ بی جے پی کے اعلیٰ سطحی لیڈران پارٹی سے باہر نکل رہے ہیں ۔
اس سے پہلے بھیمنّا نائک نے اپنے حامیوں کی کثیر تعداد کے ساتھ ریلی کی شکل میں اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کاروبار اور سیاست میں کبھی بھی اندرونی طور پر معاہدے نہیں کیے ۔ کبھی کسی لالچ کا شکار نہیں ہوا ۔ وینکٹیش ہیگڈے باغی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ پر اترنے کی وجہ سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا ۔