بنگلورو،20؍اکتوبر(ایس او نیوز) پچھلے دنوں شیواجی نگر کے کامراج روڈ پر آر ایس ایس کارکن ردریش کے قتل کی جانچ کو تیزی سے آگے بڑھاتے ہوئے جانچ میں مصروف پولیس کی خصوصی ٹیموں نے مشتبہ ملزمین کے خاکے تیار کرلئے ہیں۔ یہ خاکے شیواجی نگر ، کمرشیل اسٹریٹ ، بھارتی نگراور فریزر ٹاؤن ڈویژن کے سبھی پولیس تھانوں کو روانہ کئے گئے ہیں۔ قتل کیلئے استعمال کی گئی ایک پرانی پلسر جس کی نشاندہی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ہوئی ہے، اسے ضبط کرنے کیلئے پولیس کی طرف سے مہم شروع کی جاچکی ہے۔ شہر کے تمام پولیس تھانوں کے علاوہ پڑوسی ریاستوں سے بھی اس سلسلہ میں مدد مانگی گئی ہے۔اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے بتایاکہ ردریش کے قتل کے سلسلے میں مزید دو مشتبہ ملزمین کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تمام مشتبہ ملزمین سے پولیس سختی سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ لیکن اب تک ردریش کے قتل کے سلسلے میں کوئی سراغ مل نہیں پایا۔ ان ملزمین کی طرف سے کئے گئے فون کالس اور دیگر تفصیلات یکجا کی جارہی ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ قتل سے قبل ردریش کو 20 فون کالس آئے تھے، پولیس ان کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ فورنسک ماہرین اور جاسوس کتوں کی تحقیق کے ذریعہ پولیس نے جو بھی معلومات یکجا کی ہیں ان تمام کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔