نئی دہلی 25/اکتوبر(ایس او نیوز) دیوالی کے دوسرے دن اُس وقت لوگوں کا دیوالیہ نکل گیا جب اُترپردیش کے کئی اہم شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں اضافہ کی خبر عام ہوئی۔ تاہم پتہ چلا ہے کہ ملک کے چار میٹرو شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کے داموں میں نشیب و فراز کا دور جاری ہے۔ منگل کے روز ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کے داموں میں معمولی اضافہ درج کیا گیا، جبکہ برنٹ کروڈ آئل کے داموں میں گراوٹ درج کی گئی۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق نوئیڈا میں پٹرول میں 31 پیسے اور ڈیزل میں 28 پیسے کا اضافہ درج کیا گیا۔ اب ان شہروں میں پٹرول 97 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 90.14 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ وہیں یوپی کی راجدھانی لکھنؤ میں بھی پٹرول اورر ڈیزل کے داموں میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔
لکھنو میں پٹرول اور ڈیزل 8-8 پیسے کے اضافہ کے بعد بالترتیب 96.44 اور 89.75 روپے فی لیٹر ہو گئے ہیں۔ وہیں غازی آباد میں پٹرول 35 پیسے اور ڈیزل 33 پیسے مہنگے ہونے کے بعد بالترتیب 96.58 روپے اور 89.75 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ جبکہ ریاست بہار میں پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
میٹرو شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کے دام اس طرح ہیں:
دہلی میں پٹرول 96.75 روپے فی لیٹر، ڈیزل 89.62 روپے فی لیٹر
ممبئی میں پٹرول 106.31 روپے فی لیٹر، ڈیزل 94.27 روپے فی لیٹر
چنئی میں پٹرول 102.63 روپے فی لیٹر، ڈیزل 94.24 روپے فی لیٹر
کولکاتا میں پٹرول 106.03 روپے فی لیٹر، ڈیزل 92.76 روپے فی لیٹر
خیال رہے کہ ملک کی سرکاری تیل کمپنیاں انڈین آئل، بھارت پٹرولیم اور ہندوستان پٹرولیم ہر روز صبح 6 بجے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں جاری کرتی ہیں۔ یہ قیمتیں بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں کی بنیاد پر طے کی جاتی ہیں۔