بھٹکل، 3؍جون (ایس او نیوز) ایک طرف ہیبلے گرام پنچایت میں کچرا نکاسی اور اسے ٹھکانے لگانے کے تعلق سے مسائل حل نہ ہونے کی شکایت بار بار سامنے آتی ہے تو دوسری طرف کچرا ٹھکانے لگانے کے لئے مرکز قائم کرنے کے لئے مناسب جگہ انتخاب کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ ہیبلے گرام میں سروے نمبر 410 میں واقع ایک دس گُنٹہ زمین پر کچرا ٹھکانے لگانے کا مرکز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔ اب اس جگہ پر کچرا نکاسی مرکز قائم کرنے کے خلاف مقامی لوگوں کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کو ایک میمورنڈم دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ رہائشی علاقہ ہے ۔ یہاں اگر کچرا نکاسی مرکز قائم کیا گیا تو مقامی لوگوں اور چھوٹے چھوٹے بچوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اس کے علاوہ پانی کنویں وغیرہ خراب ہونے کے امکانات بھی ہیں ۔ اس لئے اس مرکز کو کسی دوسری جگہ پر منتقل کیا جائے۔