ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ میں دوشہین سولیوشنس کی جانب سے کیمپس پلیسمنٹ ڈرائیو

بھٹکل: انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ میں دوشہین سولیوشنس کی جانب سے کیمپس پلیسمنٹ ڈرائیو

Thu, 18 May 2023 23:17:26    S.O. News Service

بھٹکل،18 / مئی (ایس او نیوز) انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ میں پونے کی معروف کمپنی دوشہین سولیوشنس پرائیویٹ لمیٹیڈ کی جانب سے 6 مئی 2023  کو طلبہ کے لئے روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے کیمپس پلیسمنٹ ڈرائیو کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پانچ طلبہ کو منتخب کیا گیا ہے۔ اس بات کی جانکاری کالج کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں دی گئی ہے۔ 
    
بتایا گیا ہے کہ دھنیش مٹھکار، گائیتری مٹھکار اور جئے رام پائی پر مبنی دوشہین سولیوشنس کی ایچ آر ٹیم نے اے آئی ٹی ایم میں طلبہ کی صلاحیتوں کا باریک بینی اور مہارت کے ساتھ  جائزہ لیا اور ان کی اہلیت کی بنیاد پر کمپیوٹر سائنس شعبہ سے الصفا ، عاشیر، عبدالحمید، علی شاہبندری ، نکسن لوئیس اور اکشئے پربھو نامی پانچ طلبہ کو روزگار کے لئے منتخب کیا۔
    
روزگار کے لئے انتخاب کی یہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہونے پر انجمن انتظامیہ، کالج کے پرنسپال ڈاکٹر فضل الرحمٰن کے ، پروفیسر زاہد کھروری نے مسرت کا اظہار کیا اور کامیاب طلبہ کی ستائش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات پیش کیں ۔ اے آئی ٹی ایم کی فیکلٹی اور اسٹاف نے بھی کامیاب طلبہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ 
    
اے آئی ٹی ایم کے پلیسمنٹ آفیسر پروفیسر شریشیل بھٹ نے کیمپس میں پہنچ کر طلبہ کو اپنی قابلیت کی بنیاد پر روزگار کے لئے منتخب ہونے کا موقع فراہم کرنے پر دوشہین سولیوشنس پرائیویٹ لمیٹیڈ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ کی محنت اور جستجو کی بھی سراہنا کی اور اسے دوسرے طلبہ کے لئے مثالی قرار دیا۔ 
    
پریس ریلیز میں بتایاگیا ہے کہ کیمپس پلیسمنٹ کی یہ کامیاب مہم اے آئی ٹی ایم کی ان کوششوں میں ایک اور سنگ میل ہے جس کے تحت تعلیم و تدریس اور صنعت کاری کے درمیان موجود خلاء کو کم کرنے کے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ اے آئی ٹی ایم میں طلبہ کو عمدہ تعلیم فراہم کرنے اور انہیں اپنی زندگی کے مقاصد اور منزل مقصود پانے کے قابل بنانے کی مہم مسلسل جاری ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید مشہور و معتبر کمپنیوں کے وفود کیمپس پلیسمنٹ کے لئے یہاں تشریف لائیں گے۔  


Share: