بھٹکل 21/ اپریل (ایس او نیوز) ساحلی کرناٹکا بالخصوص بھٹکل، کمٹہ، کنداپور، اُڈپی اور مینگلور کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست کیرالہ میں آج جمعہ کورمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہوگئے ہیں، اس بناء پر کل سنیچر کو اِن تمام علاقوں میں عید الفطر منائی جارہی ہے۔
بھٹکل عیدگاہ میں سنیچر صبح ٹھیک سوا سات بجے عید کی دوگانہ شروع ہوگی، اس کے لئے پہلے جامع مسجد سے صبح پاونے سات بجے جلوس نکلے گا ۔ بھٹکل عیدگاہ میں اِس بار جامع مسجد کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی عید کی نماز پڑھائیں گے۔
اُدھر مرکزی جماعت المسلمین تینگنگونڈی کی طرف سے خبر دی گئی ہے کہ جامعہ آباد عید گاہ میں عید کی نماز صبح ٹھیک ساڑھے سات بجے ادا کی جائے گی۔ جس کے لئے تینگنگونڈی سے پاونے سات بجے اور فردوس نگر سے سات بجے جلوس نکلے گا۔
عیدگاہ میں شریک ہونے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھر پر ہی وضو کرکے نکلیں اور نماز کے لئے اپنےساتھ جائے نماز ساتھ لے کر آئیں۔
بھٹکل تعلقہ کے شرالی قصبہ کی رحمانیہ جامع مسجد اور علی میاں جامع مسجد دونوں میں عید کی نماز ٹھیک 8:30 بجے ادا کی جائے گی۔ اسی طرح مرڈیشور میں نیشنل سرکاری اسکو ل کے قریب واقع مرڈیشور عیدگاہ میں صبح سات بجے اور مرڈیشور کی غوثیہ جامع مسجد میں 7:15 بجے عید کی دوگانہ ادا کی جائے گی۔
پڑوسی علاقہ منکی عیدگاہ میں عید کی نماز صبح ٹھیک 7:30 بجے ادا کی جائے گی جبکہ منکی کے ناخدا محلہ جامع مسجد میں بھی صبح ساڑھے سات بجے عید کی نماز ہوگی۔
شراوتی بیلٹ کے ولکی عید گاہ میں عید کی نماز صبح 7:45 بجے اور سڑلگی عیدگاہ میں صبح ٹھیک آٹھ بجے نماز ہوگی، جبکہ گیرسوپا اور سمسی جامع مسجدوں میں صبح ٹھیک 8:30بجے اور ہیرانگڈی جامع مسجد میں صبح سوا آٹھ بجے نماز ہوگی۔
کمٹہ عید گاہ میں صبح ٹھیک نو بجے عید کی دوگانہ ادا کی جائے گی، جس کے لئے کمٹہ جامع مسجد سے عیدگاہ کے لئے صبح 8:30 بجے جلوس نکلے گا۔
بتاتے چلیں کہ گلف ممالک بالخصوص سعودی عربیہ، متحدہ عرب امارا ت اور دوحہ قطر میں 29 روزوں کے بعد کل جمعرات کو چاند نظر آنے کے بعد آج جمعہ کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔
ہندوستان کے باقی شہروں میں آج 29 روزے مکمل ہورہے ہیں، اس بناء پر اگر اُن علاقوں میں کہیں پر چاند دیکھا جاتا ہے تو متعلقہ علاقوں میں بھی کل عید الفطر منائی جائے گی۔