بھٹکل ،11 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل اسمبلی حلقہ میں بی جے پی ٹکٹ کے لئے چل رہی کھینچا تانی کے سلسلے میں بعض کنڑا اخباروں میں شائع خبروں پر اگر یقین کیا جائے تو ایسا لگتا ہے کہ موجودہ رکن اسمبلی سنیل نائک کے بدلے گووندا نائک کو میدان میں اتارنے کے لئے ان کے حامیوں نے اپنا زور لگانا شروع کیا ہے ۔
خیال رہے کہ گووندا نائک کی شناخت ایک کٹر ہندوتوا وادی نیتا کی ہے ۔ اس سے قبل 2013 میں گووندا نائک نے اسمبلی امیدوار کے طور پر اپنی قسمت آزمانے کے ساتھ شکست کا مزہ چکھا ہے ۔ سال 2018 میں بھی وہ اسمبلی ٹکٹ کے لئے بی جے پی کے ایک مضبوط دعویدار تھے ، مگر اچانک سنیل نائک بازی مار گئے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے کا بڑا عمل دخل رہا تھا ۔
موجودہ رکن اسمبلی سنیل نائک کے خلاف پارٹی کے اندر بے اطمینانی اور ان کی جگہ دوسرے امیدوار کے طور پر پارٹی ٹکٹ دلانے کے لئے مختلف لوگوں کی طرف سے کوششیں کیے جانے کی خبریں میڈیا کی سرخیوں کا حصہ بنتی رہی ہیں ۔ جس میں بی جے پی لیڈر سنتوش نائک کا نام سب سے آگے تھا ۔ اب تازہ خبروں کے مطابق گووندا نائک کے حامیوں نے اپنا زور دکھانا شروع کیا ہے اور بی جے پی کے ایک پرانے لیڈر گووندا نائک کو ٹکٹ دلانے کی سنجیدگی سے کوشش کی جا رہی ہے ۔
سیاسی حالات جس انداز میں کروٹ بدل رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ اگر بی جے پی کا ٹکٹ سنیل نائک کو نہیں ملتا تو پھر متوقع امیدوار کے طور پر گووندا نائک کا نام اب سر فہرست آ گیا ہے ۔