بھٹکل،6؍ جون (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 پر بستی کائکینی سے اُتّر کوپّا جانے کے لئے جو موڑ ہے وہاں انڈرپاس تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مقامی عوام نے نیشنل ہائی وے کے تعمیراتی کام میں رکاوٹ ڈالی اور احتجاجی مظاہرا کیا۔
احتجاج میں شامل تعلقہ پنچایت کے سابق صدر ایشور نائک نے کہا کہ کائکینی اُتر کوپّا سڑک پر عوام اور خاص کر کسانوں اور طلبہ کی آمد و رفت مسلسل جاری رہتی ہے ۔ سرکاری بسوں کے علاوہ دیگر سواریاں بھی یہاں سے گزرتی ہیں ۔ اطراف کے بہت سارے دیہاتوں کے لوگ آنے جانے کے لئے اسی سڑک کا استعمال کرتے ہیں ۔ اس سے پہلے تعلقہ پنچایت اور گرام پنچایت کی طرف سے انڈر پاس تعمیر کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کئی مرتبہ تجاویز منظور کی جا چکی ہیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں بھی نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے افسران کے سامنے اس بات کا اعادہ کیا گیا تھا۔
تعلقہ پنچایت کے سابق رکن وشنو دیواڈیگا نے کہا کہ انڈر پاس تعمیر کرنے کا یقین دلانے والے افسران آج اچانک کسی کو کانوں کان خبر کیے بغیر انڈرپاس کے بغیر ہی تعمیری کام آگے بڑھانے میں لگے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم انڈرپاس کے بغیر کسی قیمت پر کام آگے بڑھنے نہیں دیں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے موقع پر پہنچ کر احتجاجیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تعمیراتی کام رکوایا اور آئی آر بی اور ہائی وے اتھاریٹی کے افسران کو طلب کرکے ان سے گفتگو کرنے کا یقین دلایا ۔ جس کے بعد مقامی لوگوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔
